جولائی میں اسکولس کی کشادگی کیلئے مرکز کا منصوبہ

   

نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت ملک بھر میں زون کے اعتبار سے اسکولس کی کشادگی کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ پہلے مراحل میں گرین اور آرینج زون میں آنے والے اضلاع میں اسکولس کھولے جائیں۔ یہ اسکولس بھی صرف بڑے طلبا کیلئے ہونگے جبکہ یکم تا ساتویں جماعت کے پرائمری شعبہ کے طلبا کو اس کے بعد بھی کچھ دن انتظار کرنا پڑسکتا ہے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کم عمر بچوں کو گھر پر ہی رکھنے کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے ۔کم سن بچوں سے چونکہ قوانین کی پابندی کی امید نہیں کی جاسکتی اس لئے انہیں گھر پر رکھنے ہی کو ترجیح دی جائے گی ۔ ان کیلئے گھر سے ہی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔ امید کی جا رہی ہے کہ ملک بھر میں اسکولس کیلئے باضابطہ رہنما خطوط کی جاریہ ہفتے اجرائی عمل میں آسکتی ہے ۔ اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ تمام متعلقہ وزارتوں کے اتفاق رائے کے بعد کیا جائیگا ۔ وسط جولائی سے اسکول کی کشادگی پر غور ہو رہا ہے ۔