جوکووچ ہی ومبلڈن کیلئے سب سے پسندیدہ کھلاڑی :کارلوس

   

ومبلڈن۔ عالمی نمبر ایک نوجوان ٹینس اسٹارکارلوس الکارازنے اتوارکوکوئینز کلب اے ٹی پی250 کے باوقار ایونٹ میں خطاب جیتا ہے اور اپنے صرف تیسرے ٹورنمنٹ میں گھاس پر اپنا پہلاخطاب حاصل کرلیا ۔ پری ومبلڈن وارم اپ ایونٹ نے انہیں نمبرایک مقام دوبارہ حاصل کرنے میں مدد کی لیکن ان کا خیال ہے کہ نوواک جوکووچ اس سال گراس کورٹ گرانڈ سلام ومبلڈن جیتنے کے لیے پہلے پسندیدہ کھلاڑی ہوں گے۔ کارلوس الکاراز نے باقی حریف کھلاڑیوںکو ایک انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ گھاس پر بھی کافی اچھا کھلاڑی ہے۔گزشتہ سال ومبلڈن میں چوتھے راؤنڈ سے باہر ہونے والے20 سالہ نوجوان نے اپنے مخالفین کو پیچھے چھوڑ دیا، جس میں سخت اوپنر آرتھر رنڈرکنچ کے بعد گریگور دیمتروف اور سیبااسٹین کورڈا جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ الکاراز نے اتوارکے فائنل میں عالمی نمبر18 ایلکس ڈی مینورکو 6-4، 6-4 سے شکست دے کرگراس کورٹ پر خطاب کا انتظار ختم کیا۔ الکاراز جنہوں نے گزشتہ سال یو ایس اوپن جیتا تھا ومبلڈن میں ہر طرح سے آگے بڑھنے کے لیے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر ہے اور وہ اگلے ہفتے لندن میں نمبرایک سیڈ کے طور پر جوکووچ کو پہلے مقام سے ہٹانے کے بعد مہم کا آغاز کریں گے۔ سال کے پہلے دوگرانڈ سلام آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن جیتنے والے سربیائی کھلاڑی جوکووچ اس سال گھاس کے میدان پرکوئی مسابقتی میچ کھیلے بغیر ومبلڈن میں شرکت کررہے ہیں لیکن نوجوان ہسپانوی کارلوس کا خیال ہے کہ جوکووچ آل انگلینڈ کلب میں خطاب حاصل کرنے والے کھلاڑی ہوں گے۔