نیویارک، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ، 20 بار کے گرینڈ سلیم فاتح سوئٹزرلینڈ کے راجرر فیڈرر اور 23 بار کی گرینڈ سلیم فاتح امریکہ کی سرینا ولیمز نے سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں اپنے اپنے مقابلے جیت کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ومبلڈن کے فاتح جوکووچ نے دوسرے راؤنڈ میں ارجنٹینا کے جوآن اگنیشو لوڈیرو کو دو گھنٹے 15 منٹ تک چلے مقابلے میں مسلسل سیٹوں میں 6-4، 7-6، 6-1 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ جوکووچ نے میچ میں سات جبکہ لوڈیرو نے چھ ایس لگائے ۔ جوکووچ نے 35 ونرس لگائے وہیں لوڈیرو نے 24 ونرس لگائے ۔مرد زمرے کے ایک اور میچ میں عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کے کھلاڑی فیڈرر نے بوسنیا کے دامر جمھور کو 3-6، 6-2، 6-3، 6-4 سے شکست دی اور تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ فیڈرر نے دو گھنٹے 22 منٹ تک چلے اس مقابلے میں 16 ایس لگائے جبکہ جمھور نے دو ایس لگائے ۔ فیڈرر نے مسلسل دوسرے میچ میں پہلا سیٹ گنوایا۔ انہوں نے پہلے راؤنڈ میں ہندستان کے سمت ناگل کے خلاف بھی پہلا سیٹ گنوایا تھا۔اس مقابلے کے ساتھ ہی فیڈرر نے یو ایس اوپن کا اپنا 100 واں میچ کھیلا۔ فیڈرر اگرچہ پہلا سیٹ 3-6 سے ہار گئے تھے لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنی صلاحیت کے عین مطابق مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے تین سیٹ میں اپنے حریف کو کوئی موقع نہیں دیا۔ فیڈرر نے میچ میں 58 ونرس لگائے جبکہ جمھور نے 26 ونرس لگائے ۔خواتین کے زمرے میں آٹھویں رینکنگ امریکہ کی سرینا ولیمز نے ہم وطن کیتھرن مییکنلي کو ایک گھنٹے 54 منٹ تک چلے مقابلے میں 5-7، 6-3، 6-1 سے ہرا دیا۔ سرینا نے پہلا سیٹ 5-7 سے گنوانے کے بعد بااثر واپسی کی اور مییکنلي کو شکست دی۔مییکنلي نے پہلے سیٹ میں چار ایس لگائے جبکہ سرینا نے تین ایس لگائے ۔