جوہانسبرگ ۔8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے میچ میں پانچ بولروں کے ساتھ میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کے بعد دوسرے میچ میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچارہ ہوئی اور اس مرتبہ بولنگ نے بھی ساتھ نہ دیا اور میزبان ٹیم نے 9 وکٹ کی آسان فتح اپنے نام کی۔ دوسرے ٹسٹ میچ میں شکست کے بعد کرکٹ ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ٹیم کے کوچ نے انکشاف کیا کہ اگر لیگ اسپنر شاداب خان زخم کا شکار نہ ہوتے تو پاکستانی ٹیم پانچ بولروں کے ساتھ میدان میں اترتی۔ ہیڈ کوچ کا یہ بیان اس لیے کافی حیران کن ہے کہ سیریز کے ابتدائی دونوں ٹسٹ میچوں میں پاکستانی بیٹنگ کو شدید جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے اور حقیقتاً دونوں میچوں میں بیٹسمینں جنوبی افریقہ بولروں کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں پانچ بولروں کو ٹیم کا حصہ بنانے کی حکمت عملی کا بڑا مداح ہوں کیونکہ اس کی بدولت دیگر بولروں کو آرام کا موقع ملتا ہے اور میچ بھی ہمارے قابو میں رہتا ہے لیکن ایسا کرنے کے لئے ہمیں مکمل طور پر فٹ شاداب کی ضرورت تھی۔ تاہم کوچ نے ساتھ اس بات کا بھی اندیشہ ظاہر کیا کہ شاداب کی غیرموجودگی میں فہیم اشرف کو کھلائے جانے کی صورت میں ٹیل اینڈرز کی فہرست کافی لمبی ہو جاتی۔ فہیم ایک اچھے کھلاڑی ہیں لیکن وہ ایک مکمل آل راؤنڈر نہیں اور انہیں ساتویں نمبر پر کھلانے سے ہماری بیٹنگ مزید مشکلات کا شکار ہو جاتی۔ یاسر شاہ سمیت چار بولروں کو کھلانے کی حکمت عملی ابتدائی دونوں ٹسٹ میچوں میں ناکامی سے دوچار ہوئی کیونکہ یاسر شاہ کی ناکامی کے سبب فاسٹ بولروں پر انتہا سے زیادہ بوجھ پڑگیا اور نتیجاً ان کی رفتار میں کمی واقع ہونے سے افادیت ماند پڑ گئی اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کپتان سرفراز کو شان مسعود اور اسد شفیق سے بھی بولنگ کروانی پڑی۔ کوچ نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں یاسر شاہ کو کھلانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ ایک بہترین بولر اور میچ ونر ہیں اور اگر ہم میچ کو چوتھے یا پانچویں دن تک لے جانے میں کامیاب ہوتے تو لیگ اسپنر اہم کردار ادا کرتے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم میچ کو چوتھے یا پانچویں دن تک لے جا ہی نہیں پا رہے اور ہمیں اسی مسئلے کا حل ڈھونڈنا ہے۔ فخر کو کھلائے جانے کے سوال پر کوچ نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں پہلی مرتبہ کھیلنے کی وجہ سے فخر کو شارٹ گیندوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔ فخر نے پہلے ٹسٹ اور اس کے بعد عمدہ کارکردگی کے ذریعے اپنا لوہا منوایا اور اسی بنیاد پر انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میچ میں ممکنہ طور پر فخر زمان اور یاسر شاہ کو خارج کر کے ان کی جگہ شاداب خان اور فہیم اشرف کو میدان میں اتارے گی جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حسن علی میدان میں اتر سکتے ہیں۔