اسلام آباد : پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال ہوگیا۔ اتوار کو اسلام آباد کے کے آر ایل ہاسپٹل کی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اتوار کی صبح طبیعت بگڑنے پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان کے ایٹمی سائنسدان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کے انتقال پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ فیصل مسجد میں عام افراد کو بھی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں تمام سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔