ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لجنڈری اوپنر سنیل گواسکر سمجھتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ کو شروع ہونے والے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کو رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون ان دونوں کو ٹیم میں شامل کرنا چاہئے کیونکہ ساوتھمپٹن کی وکٹ بولنگ کیلئے کافی بہترین ہوگی اور موسم کی جگہ سے پچ سوکھی ہوجائے گی جس کی وجہ سے اسپنرس کو یہاں مدد ملے گی۔ گواسکر جوکہ فائنل میں کامنٹری کے خدمات انجام دینے والی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ اس وقت ساوتھمپٹن میں موجود ہیں جس کی وجہ سے انہیں وکٹ اور موسم کے حالات کے متعلق پہلی معلومات حاصل ہوئی ہیں جس کے بعد انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں سے یہاں کا موسم گرم ہے جس کی وجہ سے یقینی طور پر وکٹ خشک رہے گی اور جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا رہے گا اس وکٹ سے اسپنرس کو مدد ملے گی۔ گواسکر نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو دیئے گئے اپنے مخصوص انٹرویو میں کہا ہیکہ یہ وکٹ خشک ہونے کے علاوہ گذرتے وقت کے ساتھ اسپنرس کیلئے سازگار ہوگی لہٰذا ہندوستانی ٹیم کو اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں میں اشون اور جڈیجہ دونوں کو شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساوتھمپٹن میں گذشتہ چند دنوں سے درجہ حرارت 25 ڈگری سلسیس سے زیادہ ہے اور جمعرات کو یہاں بارش کی پیش قیاسی بھی کی گئی ہے۔ گواسکر نے مزید کہا کہ صرف بولنگ نہیں بلکہ آل راونڈ صلاحیتیں ٹیم کو اپنا توازن برقرار رکھنے میں مدد دے گی۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان گواسکر نے کہا ہیکہ جڈیجہ اور اشون جوکہ بیٹنگ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اس سے ہندوستانی ٹیم کا بولنگ شعبہ مضبوط ہونے کے علاوہ بیٹنگ میں بھی گہرائی موجود رہے گی۔ دونوں کی موجودگی سے ٹیم کا بیٹنگ اور بولنگ شعبہ متوازن رہے گا اور وکٹ کے ساتھ ملنے والی مدد سے ہندوستانی ٹیم فائدہ اٹھاسکیں گی۔ نیوزی لینڈ جس نے انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے اس ضمن میں گواسکر نے کہا کہ میزبان انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کی کامیابی سے ہندوستان فائنل کیلئے دباؤ میں نہیں رہے گا اور نہ ہی اسے زیادہ مشق کا موقع نہ ملنے کا بھی کوئی نقصان ہوگا۔ گواسکر نے کہا کہ کسی بھی ملک کے خلاف پہلے ٹسٹ سے قبل مہمان ٹیم کو ایک یا دو پریکٹس مقابلے ملتے ہیں، جس کے بعد پہلا ٹسٹ شروع ہوتا ہے۔ نیز ہندوستان نے بھی اپنے دستیاب کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے کھیلے ہیں اور امید ہیکہ یہ پریکٹس ان کیلئے کافی ہوگی۔ گواسکر نے مزید کہا کہ ہندوستانی ٹیم پرجوش نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور یہی توازن ٹیم کو طاقتور بنائے گا۔ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے اسپنر اشون کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے گواسکر نے کہا کہ تجربہ کار اسپنر نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں کلیدی رول ادا کریں گے جیسا کہ ایراپلی پرسنا اور ہربھجن سنگھ نے اپنے وقت میں ٹیم کی فتوحات میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اشون کی بولنگ میں بھی کئی ایک ایسی گیندیں موجود ہیں جو حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرتی ہیں جس میں خاص کر فلکر اور کیرم بال قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں دوسرے بولروں سے اشون کس طرح مختلف ہیں اس پر گواسکر نے کہا کہ عالمی معیار کے بیٹسمینوں کے خلاف اشون کی دلیرانہ بولنگ انہیں خاص بولر بناتی ہے۔ گواسکر نے کہا کہ پرسنا کے ساتھ کھیلنا ان کیلئے اعزاز تھا جبکہ ہربھجن سنگھ اور اشون کی جانب سے ٹیم کیلئے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنا خوش قسمتی کی بات ہے۔