جڈیجہ اور بین اسٹوکس کو ٹسٹ میں ترقی

   

نئی دہلی، 30 جولائی (آئی اے این ایس): منچسٹر میں کھیلے گئے چوتھے ٹسٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی کے بعد رویندر جڈیجہ اور بین اسٹوکس نے آئی سی سی ٹسٹ پلیئرز رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ جڈیجہ نے دوسری اننگز میں ناقابل شکست107 رنز بنانے کے ساتھ چار وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد وہ آل راؤنڈرزکی درجہ بندی میں 422 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر اپنی برتری مزید بڑھا چکے ہیں۔ وہ اب بنگلہ دیش کے مہدی حسن سے 117 پوائنٹس آگے ہیں۔ جڈیجہ بیٹرزکی درجہ بندی میں پانچ درجے بہتری کے ساتھ 29ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ بولرز میں ایک درجے ترقی کے ساتھ 14ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے تین درجے چھلانگ لگاتے ہوئے آل راؤنڈرز میں تیسرا مقام حاصل کرلیا، جو دسمبر 2022 کے بعد ان کا سب سے بہترین مقام ہے۔ انہوں نے میچ میں 141 رنز اور چھ وکٹیں (جن میں پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں شامل ہیں) حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے باعث وہ بیٹرزکی فہرست میں آٹھ درجے ترقی کے ساتھ 34ویں اور بولرزمیں 45 ویں سے 42 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ واشنگٹن سندر کی دوسری اننگز میں ناقابل شکست 101 رنز کی اننگز، جس میں جڈیجہ کے ساتھ 203 رنز کی شراکت شامل ہے، نے انہیں بیٹرز میں آٹھ درجے ترقی دے کر 65ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ ساتھ ہی وہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دیگر نمایاں ترقی پانے والوں میں جو روٹ کو بیٹرس کی فہرست میں کین ولیم سن پر 37 پوائنٹس کی برتری ہے۔