حیدرآباد/20 اگسٹ( سیاست نیوز) سنگاریڈی کانگریس رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی نے بی آر ایس میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ اے آئی سی سی لیڈر راہول گاندھی ان کے قائد ہیں اور ملک میں راہول گاندھی کا سیاسی مستقبل روشن ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ بی آر ایس یا کسی اور پارٹی میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جگا ریڈی کا کہنا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں راہول گاندھی نے ان کی تنظیمی صلاحیتوں کو سراہا تھا۔ نئی دہلی میں اپنے آفس میں تقریباً 20 منٹ ملاقات کا وقت دیا اور میں نے تلنگانہ میں کانگریس کو برسراقتدار لانے حکمت عملی سے واقف کرایا تھا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ میں کہیں نہیں جارہا ہوں بلکہ کانگریس کے استحکام کیلئے کام کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس 50 اسمبلی حلقہ جات میں بہ آسانی کامیابی حاصل کرسکتی ہے اور مزید محنت کے ذریعہ 30 اضافی نشستیں حاصل ہونے کا امکان ہے۔