حیدرآباد : /14 نومبر (سیاست نیوز) پیسوں کی خاطر خاتون سے پہچان کا فائدہ اٹھاکر قتل کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جگت گیری گٹہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 21 سالہ نوجوان خاتون نہاریکا کے قاتل 21 سالہ بی شیوا مادھاوا ریڈی کو گرفتار کرلیا ۔ ان کا تعلق ضلع کھمم سے بتایا گیا ہے ۔ ہم وطن ہونے کے سبب ریڈی خاتون کے مکان آیا کرتا تھا ۔ نہاریکا شادی شدہ تھی جو جگت گیری گٹہ میں شوہر دیویندر ریڈی کے ساتھ رہتی تھی ۔ جبکہ مادھاوا ریڈی ایس آر نگر میں رہتا تھا ۔ /12 نومبر کے دن قاتل مقتولہ کے گھر اس کے شوہر کی غیر موجودگی میں گیا ۔ خاتون نے ہمیشہ کی طرح مادھو کو گھر میں بلایا اور اس کے ساتھ بات چیت کی ۔ خاتون مادھوریڈی کے منصوبہ سے انجان تھی ۔ قاتل نے خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور خاتون کے گلے سے منگل سوتر ، انگوٹھیاں اور دیگر زیورات کو نکال لیا اور ڈھائی ہزار روپئے بھی بیڈروم سے لے لیا ۔ اس کے بعد اس قاتل نے خاتون کی نعش کو باتھ روم میں منتقل کرتے ہوئے اندر سے دروازہ لگادیا اور باتھ روم کے دوسرے دروازے سے نکل گیا ۔ پولیس کو گمراہ کرنے کیلئے اس نے اس طرح کا اقدام کیا تاہم پولیس نے مادھو ریڈی کو گرفتار کرلیا اور اس بات کا بھی پتہ لگایا گیا کہ مادھوریڈی نے اپنے دوست کے نام سے زیورات کو مناپورم میں رکھادیا تھا ۔ پولیس نے ریڈی کی گاڑی اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع