جگتیال میں سڑک حادثہ، خاتون سب انسپکٹر اور بنک ملازم ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری (سیاست نیوز) ضلع جگتیال میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک خاتون سب انسپکٹر کیبشمول دو افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ آج صبح گولہ پلی منڈل چلواکڈور میں پیش آیا۔ سب انسپکٹر شویتا جو کار میں سوار تھیں حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگئیں جبکہ موٹر سیکل سوار لکشمی پیٹ گرامینا بن کا ملازم نریش بھی جو اس حادثہ کا شکار ہوا تھا ہلاک ہوگیا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی ضلع جگتیال کے علاوہ ریاست کے پولیس حلقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی اور خاتون سب انسپکٹر کی موت پر حلقہ میں افسوس کا اظہار کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شویتا کرائم ریکارڈ بیورو شعبہ سے وابستہ سب انسپکٹر تھیں جو آج کار میں دھرمارم سے جگتیال کی جانب جارہی تھیں کہ چلوا کڈور میں حادثہ پیش آیا ۔ شویتا کی کار مخالف سمت سے آنے والی ایک موٹر سیکل سے ٹکرا گئی۔ موٹر سیکل کو ٹکرا دینے کے بعد خاتون سب انسپکٹر کی کار ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ کار کی رفتار تیز تھی اور خاتون سب انسپکٹر کار خود چلا رہی تھیں اور کار کی رفتار پر قابو پانے میں ناکام ہوگئیں اور کار موٹر سیکل کو ٹکر دینے کے بعد درخت سے ٹکرا گئی ۔ شویتا برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع