جگتیال کے خانگی اسکول میں طلبہ و اساتذہ کورونا سے متاثر

,

   

اسکول غیر معینہ مدت کے لئے بند، اولیائے طلبہ پریشان

حیدرآباد۔سنگاریڈی کے اسکول میں 12 طالبات کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد اب جگتیال کے ایک خانگی اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی دو طالبات کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ۔ جگتیال کے اس خانگی اسکول میں دو طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے ساتھ ہی اسکول انتظامیہ نے عملہ کا معائنہ کروایا اور عملہ معائنہ کے دوران 2 اساتذہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہونے کے فوری بعد اسکول کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 24 فروری سے تمام اسکولوں میں چھٹویں تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لئے باضابطہ کلاسس کے آغاز کی اجازت فراہم کی گئی ہے اور جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں اسکول انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اسکولوں میں باضابطہ کلاسس کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاسس بھی جاری رکھیں لیکن اسکول انتظامیہ کی جانب سے آن لائن کلاسس کو بند کرتے ہوئے طلبہ کو شخصی طور پر کلاس میں شرکت کے لئے مجبور کیا جا رہاہے لیکن سنگاریڈی کے بعد اب جگتیال میں پیش آئے اس واقعہ نے اولیائے طلبہ اور سرپرستوں میں سراسمیگی پیدا کردی ہے کیونکہ اسکولوں میں جاری باضابطہ کلاسس میں شرکت کے لئے والدین کی رضامندی اور والدین و سرپرستوں کی جانب سے جاری کئے جانے والے اجازت نامہ میں یہ واضح کہا جا رہاہے کہ طالب علم کو کلاسس میں شرکت کے دوران کورونا وائرس یا کوئی بیماری ہوتی ہے تو ایسی صورت میں اسکول یا انتظامیہ یا حکومت کسی پر کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی بلکہ والدین خود اس بات کا اقرار نامہ دے رہے ہیں کہ جو کچھ ہوگا اس کے وہ خود ذمہ دار رہیں گے۔جگتیال کے خانگی اسکول میں 4کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے بعد اسکول انتظامیہ کی جانب سے غیر معینہ مدت کے لئے اسکول کو بند کرنے کے علاوہ مکمل اسکول کی صفائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ ضلع انتظامیہ ان تمام طلبہ کا معائنہ کرنے پر غور کررہا ہے جو متاثرہ طلبہ اور اساتذہ کے رابطہ میں آئے تھے۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے اسکول انتظامیہ سے متاثرہ طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ ان سے رابطہ میں آنے والوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کیلئے کہا گیا ہے اور اس بات کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے حاصل کئے گئے اجازت نامو ںکو محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے حوالہ کریں ۔اسکول انتظامیہ کی جانب سے رہنمایانہ خطوط پر عدم عمل آوری اور حرارت کی جانچ کے بغیر انہیں کلاس میں بیٹھنے کی اجازت فراہم کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔