جگن غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ کی روزانہ سماعت کی جائے

   

سی بی آئی خصوصی عدالت کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کو ہدایت دی ہے کہ جگن موہن ریڈی غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ کی روزانہ کی اساس پر سماعت کریں۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس انیل کمار پر مشتمل بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کو ہدایت دی کہ 3 جولائی کو جاری کردہ احکامات کے مطابق روزانہ کی اساس پر مقدمہ کی سماعت کی جائے۔ عدالت نے مقدمات کے تازہ ترین موقف کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ سابق وزیر سی ایچ ہری رام جوگیا نے جگن اثاثہ جات کی جانچ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اپیل کرتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ مقدمہ کے ملزمین جان بوجھ کر تحقیقات میں تاخیر کررہے ہیں۔ جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس بی ونود کمار نے درخواست کی سماعت کے بعد 3 جولائی کے احکامات پر عمل آوری کی ہدایت دی اور آئندہ سماعت 20 اگسٹ کو مقرر کی ہے۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈر وجئے سائی ریڈی نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں ڈسچارج پٹیشن دائر کی ہے۔ بعض خانگی کمپنیوں کو اراضی الاٹمنٹ کے معاملہ میں انہیں ملزم نمبر 2 بنایا گیا ہے۔ عدالت نے وجئے سائی ریڈی کے وکیل کی سماعت کے بعد مقدمہ کو آئندہ چہارشنبہ تک ملتوی کردیا۔1