حیدرآباد: تلگو دیشم پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری این لوکیش نے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں امول بے بی قرار دیا۔ تلگو دیشم قائد بی نریندر کمار کی ضمانت پر رہائی کے بعد لوکیش نے ان سے ملاقات کی، بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم قائدین کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ نریندر کمار کے جرم کے بارے میں وضاحت کریں۔ کسانوں کے تحفظ اور سرکاری دواخانوں میں کورونا کے مریضوں کے بہتر علاج کے سلسلہ میں نریندر کمار نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا اور اسی جدوجہد کے دوران جگن موہن ریڈی حکومت نے ان پر مختلف مقدمات عائد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت امول ڈیری کے لئے عوامی رقومات خرچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ریاست کی تمام ڈیریز کو گجرات کی کمپنیوں کے حوالے کیا جارہا ہے ۔