حیدرآباد5 فروری(یواین آئی) آندھراپردیش کے سرکاری اسکولس میں انگریزی ذریعہ تعلیم کی اہمیت کواجاگر کرنے کے لئے اے پی کے وجئے واڑہ کی گیٹ وے ہوٹل میں دی ہندو ایکسلنس ان ایجوکیشن پروگرام منعقد کیاگیا۔وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی،ہندو گروپ کے صدرنشین این رام اور وزیرتعلیم سریش نے اس پروگرام میں شرکت کی۔وزیراعلی نے شمع روشن کرکے اس پروگرام کاآغاز کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے این رام نے ریاست کے سرکاری اسکولس میں انگریزی ذریعہ تعلیم کومتعارف کرنے حکومت کے اقدام کی ستائش کی۔انہوں نے کہاکہ اس سے ریاست کے غریب بچوں کو کافی مدد ملے گی۔انہوں نے اس قدم کی مخالفت کرنے پر شدیدنکتہ چینی کی۔جگن موہن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں خواندگی کی شرح اوراس سلسلہ میں اعداد وشمار پیش کئے ۔انہوں نے کہاکہ اے پی میں خواندگی کی شرح 33فیصد ہے جبکہ قومی خواندگی کی شرح 27فیصد ہے ۔انہوں نے کہاکہ روس کے 81فیصد اور چین کے 50فیصد کے اعلی تعلیم کے اندراج کے مقابلہ ہندوستان میں اعلی تعلیم میں طلبہ کے اندراج کا فیصد 23ہے ۔انہوں نے کہاکہ اے پی میں انگریزی میڈیم کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولس میں تلگو کو لازمی قرار دیاگیا ہے ۔اس اسکیم کے پہلے مرحلہ میں اول تا چھٹی جماعت کے طلبہ کو انگریزی میں تعلیم فراہم کی جائے گی اور بعد ازاں اس کی توسیع اونچی جماعتوں تک ہوگی۔انہوں نے کہا ہم نے اس پروگرام کی شروعات کی ہے اور اس کو آئندہ چار سالوں میں ہم خیال افراد کی مدد کے ساتھ کامیاب بنایاجائے گا۔معیاری تعلیم کے علاوہ ہم مرحلہ وار انداز میں اسکولس میں بہتر انفراسٹرکچر فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے حصہ کے طورپر معیاری غذابچوں کو فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت بچوں کو اسکولس بھیجنے والی ماوں کو 15000 روپئے کی مالی مدد فراہم کررہی ہے ۔ وزیر اعلی نے تعلیمی نصاب میں ترمیم پر زور دیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ڈگری کے کورس کو تین سال سے بڑھا کر چار سال کردیاگیا ہے جس کو ڈگری آنرس کا نام دیاگیا ہے جبکہ بی ٹیک میں بھی ایک سال کا اضافہ کردیاگیا ہے اور اس کو انجینئرنگ آنرس کا نام دیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک اضافی سال کو انٹرن شپ کا نام دیاگیا ہے جس سے ملازمت کے سلسلہ میں مدد ملے گی۔ وزیراعلی نے معیاری تعلیم پرزور دینے کیلئے منعقدہ اس پروگرام پر دی ہندو سے اظہار تشکر کیا۔