امراوتی ،24 ستمبر ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش کے وزیراعلی کے دفتر نے ایک موقر تلگوروزنامہ میں شائع اطلاع کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے ریاستوں کومرکزی حکومت کی مدد پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔دفتر وزیراعلی کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعلی اے پی اور وزیراعلی تلنگانہ کی ملاقات پیر کو حیدرآباد میں ہوئی جس میں صرف دونوں ریاستوں سے متعلق مسائل پر ہی بات چیت کی گئی۔دونوں وزرائے اعلی نے اس ملاقات کے دوران مرکزی حکومت سے متعلق کسی بھی مسئلہ پر تبادلہ خیال نہیں کیا۔اس بیان میں کہا گیا کہ ایک موقر تلگو اخبار نے جھوٹی خبر گھڑلی کہ دونوں وزرائے علی نے ان کی ریاستوں کو مرکزکی مدد پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔میڈیا کو چاہئے کہ وہ اس طرح کی غیر حقیت اطلاعات کی اشاعت کے ذریعہ لوگوں کو گمراہ نہ کرے ۔ہم اس تلگو روزنامہ میں شائع اس رپورٹ کی مذمت کرتے ہیں۔اے پی اور تلنگانہ کے وزرائے اعلی، ان مسائل پر گزشتہ چار ماہ سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں جس سے دونوں ریاستوں کو فائدہ ہوگا۔اس بیان میں کہاگیا ہے کہ وزرائے اعلی نے اس طرح کی ملاقاتوں میں کبھی بھی سیاسی مسائل یا سیاسی برابری کے بارے میں تبادلہ خیال نہیں کیا۔دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی نے گزشتہ روز ملاقات کے دوران دریائے گوداوری کے پانی کو این ایس رائٹ کنال کے ذریعہ کرشنا ڈیلٹا،پرکاشم ضلع، رائل سیما علاقہ،قدیم محبوب نگر، رنگاریڈی اور نلگنڈہ ضلع منتقل کرنے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزرائے اعلی نے ریاست کی تنظیم نو کے ان مسائل پر تبادلہ خیال کیا جن کو حل نہیں کیا گیا، اے پی میں تلنگانہ کے نومنتخب پولیس کانسٹیبلس کو تربیت کی فراہمی اور دیگر مسائل زیر بحث آئے ۔