کے ٹی آر سے شہر کا دورہ کرنے کا مطالبہ : سید یوسف ہاشمی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہر میں جگہ جگہ کچرے کا انبار نظر آرہا ہے جس پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر کئی مہینوں سے کچرا صاف نہ کئے جانے پر تعفن پھیل گیا ہے ۔ مچھروں کی افزائش ہورہی ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگ وبائی امراض سے متاثر ہورہے ہیں ۔ مریضوں سے سرکاری اور خانگی دواخانے بھرے ہوئے ہیں ۔ یوسف ہاشمی نے کے ٹی آر وزیر بلدی نظم و نسق سے مطالبہ کیا کہ وہ دورہ کر کے کچرے کے نکاسی اور صفائی کا جائزہ لیں ۔ اور مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دیں ۔ یوسف ہاشمی نے کہا کہ قدیم پل ( پرانا پل) جس کو ترکاری منڈی میں تبدیل کردیا گیا ہے فوری برخاست کر کے پل کو راہ گیروں کیلئے کھول دیں ۔ٹرافک پولیس اور بلدیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرانا پل پر ٹرافک کو بحال کریں ۔ محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ اس جانب خصوصی توجہ کریں تاکہ اس کی تاریخی اہمیت باقی رہ سکے ۔۔