دو گھنٹوں کی تاخیر سے ائر فورس طیارہ سے دہلی واپسی
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی کے طیارہ میں آج دو پہر جھارکھنڈ دیوگڑھ میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور وہ دو گھنٹوں کی تاخیر سے دہلی سے بھیجے گئے انڈین ائر فورس کے ایک طیارہ کے ذریعہ دہلی واپس ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی طیارہ میں موجود تھے اور طیارہ ٹیک آف کرنے ہی والا تھا جب اس تکنیکی خرابی کا پتہ چلا ۔ ایسے میں طیارہ کو دیوگڑھ میں روک لینے کا ہی فیصلہ کیا گیا ۔ ائر فورس طیارہ کی آمد سے قبل اس تکنیکی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ وزیر اعظم نے آج جھارکھنڈ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا اور دوسرے مرحلہ کی مہم میں حصہ لیا ۔ وزیر اعظم مودی نے آج اپنی ریلیوں میں کانگریس اور قائد اپوزیشن راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے راہول پر شہزادہ طنز کا اعادہ کیا اور ان پر الزام عائد کیا کہ وہ پسماندہ ذاتوں اور قبائل کے تحفظات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے عزائم خطرناک ہیں۔ کانگریس کے شہزادہ کی جانب سے ایس سی ‘ ایس ٹی اور او بی سی طبقات کے تحفظات کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے والد راجیو گاندھی نے تحفظات کو غلامی اور بندھوا مزدوری قرار دیا تھا اور بعد میں انہیںانتخابات میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا ۔