جھارکھنڈ کے عوام نے مودی۔ شاہ کے غرور کو چور چور کردیا : این سی پی

   

مرکزی وزیرداخلہ کی جذباتی پالیسی کو غریب عوام نے مسترد کردیا : شیوسینا

ممبئی 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں کانگریس ۔ جے ایم ایم اتحاد کی زبردست کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہاکہ جھارکھنڈ کے رائے دہندوں نے مودی اور امیت شاہ کے غرور کو چور چور کردیا ہے۔ این سی پی کی نئی حلیف شیوسینا نے بھی بی جے پی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جھارکھنڈ کے عوام نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ امیت شاہ کی جذباتی مسائل پر مبنی سیاست کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ خاص کر امیت شاہ نے عین الیکشن کے دوران شہریت قانون کا جو کارڈ کھیلا ہے اُسے جھارکھنڈ کے عوام نے مسترد کردیا ہے۔ شیوسینا نے مزید کہاکہ مہاراشٹرا میں شکست کے بعد جھارکھنڈ میں بھی شکست فاش کے سبب بی جے پی کو چاہئے کہ وہ اپنا محاسبہ کرے کہ کیوں اُنھیں پے در پے منہ کی کھانی پڑرہی ہے۔ این سی پی ترجمان نواب ملک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ جھارکھنڈ کے رائے دہندوں نے مودی اور شاہ کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملادیا ہے۔ جبکہ شیوسینا ترجمان منیشا کائنڈے نے کہاکہ مہاراشٹرا کھونے کے بعد جھارکھنڈ کی شکست سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جھارکھنڈ کے عوام نے امیت شاہ کی قیادت والی پالیسیوں کو سرے سے مسترد کردیا ہے۔ اِسی دوران شیوسینا کے رکن راجیہ سبھا سنجے راوت نے بھی بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جھارکھنڈ کے غریب اور آدی واسی عوام نے امیت شاہ زیرقیادت بی جے پی کو مسترد کردیا۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سنجے راوت نے مزید کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کو جیتنے کے لئے انتہائی جارحانہ انداز میں انتخابی مہم چلائی اور متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ پر زور دینے کی کوشش کی۔ مگر جھارکھنڈ کے غریب عوام نے اسے مکمل طور پر مسترد کردیا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ نتائج سے یہ اُمید بڑھ گئی ہے کہ جھارکھنڈ میں جے ایم ایم زیرقیادت کانگریس اتحاد کی حکومت قائم ہوگی۔