جھانسی کے قلعہ میں مشاعرہ، کوی سمیلن اور قوالی کا پروگرام

   

جھانسی: گزشتہ بیس برس سے ہندستانی موسیقی اور کثیر لسانی ادب وتہذیب کے فروغ میں مصروف تنظیم ‘سُر دھروہر’ نے مختلف ریاستوں میں ‘ ملٹی لنگول میوزک اینڈ لٹریچر فیسٹول’ کا جو سلسلہ دہلی کے تاریخی انڈیا گیٹ سے کیا تھا اس کا پہلا مرحلہ جھانسی کے قلعے پر اختتام پذیرہوگیا۔ رانی جھانسی کے قلعے میں گنگا دھر راو کلا منچ اور مکتاکاشی منچ پردو روزہ موسیقی اور کثیرلسانی ادبی میلے کا اہتمام کیا گیا۔مرکزی وزارت برائے ثقافت ، وزارت برائے آرٹ، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (جھانسی سرکل) کے اشتراک سے منعقد ہوئے فیسٹول کے پہلے دن رباب نوز استاد گلفام احمد، ،مشہور قوال ہمسر حیات، صوفی بینڈ سلمان زماںنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔دوسرے دن ملٹی لنگول پوئٹری سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں بندیلی، اودھی، مراٹھی ہندی اور اردو زبانوں کے شاعروں نے کلام پیش کیا۔ اس کثیرلسانی شعری اجلاس کی صدارت سُر دھروہر فائونڈیشن کے صدر غلام محمد خان نے کی جب کہ مشہور اسکالر ڈاکٹر قاسم امام مہمانِ خصوصی تھے ۔ مختلف ہندستانی زبانوں کے اس مشاعرے کی نظامت معروف ٹی وی اینکر معین شاداب نے کی۔