تلنگانہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے ریاست میں جھیلوں اور ذخائر آب کے تحفظ پر حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ عدالت نے 2020 ء میں حیدرآباد میں سیلاب کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے جاننا چاہا کہ وہ جھیلوں کے تحفظ کیلئے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ تلنگانہ میں جھیلوں کی تعداد 3534 بتائی گئی ہے۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس این تکا رام جی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ حیدرآباد میں معمولی بارش پر 2020 ء میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ اب جبکہ مانسون کی آمد قریب ہے، حکومت کو تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ پر عدالت کو واقف کرانا چاہئے ۔ عدالت نے متعلقہ سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ 14 اگست تک جھیلوں کے تحفظ پر حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ عدالت کی اعانت کرنے والے وکیل بی نیلم کمار نے بتایا کہ سابق میں ہائی کورٹ سے تفصیلات کی طلبی کے باوجود تقریباً 10 سرکاری محکمہ جات نے رپورٹ پیش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمہ جات سے جھیلوں کے تحفظ پر تفصیلات حاصل کی جائیں۔ سرکاری وکیل ہریش کمار نے بتایا کہ عدالتی ہدایت کے مطابق حکومت نے جھیلوں کی اراضی کے تحفظ کیلئے سیول کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ سرکاری محکمہ جات سے حلفنامہ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت 14 اگست کو مقررکی ہے۔ ر