جھیلوں کے تحفظ کیلئے اسپیشل کمشنر کے تقرر کا فیصلہ : کے ٹی آر

   

ذخائر آب کے تحفظ اور خوبصورت بنانے کی ذمہ داری ہوگی ۔ وزیر موصوف کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) شہر اور اطراف میں واقع جھیلوں کے تحفظ کیلئے اپنے اقدامات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) میںاس مقصد کیلئے ایک اسپیشل کمشنر کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے ۔ جھیلوں کیلئے ایک خصوصی عہدیدار کے تقرر کا فیصلے کا وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راو نے ایک جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہجھیلوں کے تحفظ ‘ ان کی ترقی اور انہیں خوبصورت بنانے کیلئے کئی کاموں کا حکومت نے آغاز کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں جملہ 185 جھیلوںاور دوسرے ذخائر آب کو ترقی دینے اور ان کو بحال کرنے کی ذمہ داری اس نئے عہدیدار کی رہے گی ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ سیویج مینجمنٹ ‘ نئے سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب ‘ صاف پانی کا رخ موڑنے ‘ جھیلوں کے فل ٹینک لیول ( ایف ٹی ایل ) کی مارکنگ ‘ زرعی استعمال کیلئے پانی کے تحفظ اورجھیلوں کے اطراف سرسبزی و شادابی میںاضافہ کرنے کی ذمہ داری بھی اسپیشل کمشنر کی رہے گی ۔ اسپیشل کمشنر وزیر بلدی نظم و نسق کے علاوہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی و سیوریج بورڈ ‘ محکمہ مال اور اسٹیٹ پولیشن کنٹرول بورڈ کے ساتھ اشتراک کریں گے اور ترقیاتی کاموں کو انجام دیں گے ۔ بعد ازاںجی ایچ ایم سی نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ اس کی موجودہ تحفظ جھیل کمیٹیاںنئے اسپیشل کمشنر کے تحت لیک پروٹیکشن فورس کے ساتھ کام کریں گی ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ نئے اسپیشل کمشنر کے تقرر کا فیصلہ ریاستی حکومت کی جانب سے جھیلوں کے تحفظ اور آلودگی سے پاک ذخائر آب فراہم کرنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر وزیر موصوف کی جانب سے کیا گیا ۔ ایک اجلاس میںکے ٹی راما راو نے جھیلوں کو خوبصورت بنانے ‘ نالوں کو بہتر بنانے ‘ سڑکوں کو ترقی دینے کے کاموں اور لنک روڈز کی تعمیر میں پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے کئے جا رہے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اسپیشل چیف سکریٹری شہری ترقیات اروند کمار ‘ بلدیہ کے انفورسمنٹ ویجیلنس و ڈیزاسٹر مینجمنٹ ونگ ڈائرکٹر وشواجیت کمپاٹی و دیگر شریک تھے۔