جہاں جھونپڑی وہاں مکان بھی ایک جملہ ثابت ہوا:اے اے پی

   

نئی دہلی 3 جون (یو این آئی) عام آدمی پارٹی نے کہا کہ انتخابات کے دوران بی جے پی کی طرف سے ’جہاں جھونپڑی، وہاں مکان‘ کا وعدہ بھی ایک جملہ ثابت ہوا۔ اے اے پی کے سینئر لیڈر منیش سسوڈیا نے منگل کو کہا، ’’جہاں جھگی، وہاں مکان‘‘ دہلی میں بی جے پی کی طرف سے دی گئی یہ انتخابی گارنٹی بھی ایک جملہ ثابت ہوئی۔ دہلی کے مزدور، گھریلو ملازم، رکشہ چلانے والے اور یومیہ اجرت والے مزدور، جن کی محنت سے ملک کی راجدھانی چلتی ہے ، آج ان کی جھونپڑی کو بے رحمی سے بلڈوزر کے نیچے کچلا جا رہا ہے ۔ سسوڈیا نے کہا کہ آج وہ ایم ایل اے کہاں ہیں جنہیں عوام نے منتخب کیا تھا؟ نہ کوئی جواب ہے اور نہ زمین پر کوئی نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھونپڑی میں فراہم کی جانے والی بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولتوں کی بات چھوڑیے ، اب تو ان سے محنت سے بنائی گئی چھت بھی چھین لی گئی ہے۔ کیا یہی ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ ہے ؟اے اے پی کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھردواج نے کل الزام لگایا تھا کہ بی جے پی کے قول و فعل میں ہمیشہ فرق رہا ہے ۔