جہد کار تین مار ملنا مقدمات اور پولیس ہراسانی کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع

   

حکومت اور پولیس کو نوٹس کی اجرائی، آن لائن تحقیقات کی درخواست
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سماجی جہد کار تین مار ملنا نے پولیس کی جانب سے مقدمات درج کرتے ہوئے ہراساں کرنے کی شکایت کے ساتھ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ تین مار ملنا عرف سی ایچ نوین نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ پولیس کی جانب سے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور تحقیقات کے نام پر ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت کی اور ریاستی حکومت اور پولیس کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ ہائی کورٹ میں اس معاملہ کی سماعت دو ہفتوں بعد ہوگی۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ تحقیقات کے نام پر پولیس سیاسی دباؤ کے تحت انہیں ہراساں کررہی ہے۔ سی سی ایس اور چلکل گوڑہ پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ انہیں پولیس اسٹیشن طلب کرنے سے روکتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں۔ انہوں نے آن لائن تحقیقات کی ہدایت دینے کی درخواست کی ہے۔ واضح رہے کہ تین مار ملنا کے ٹی وی چینل سے وابستہ ایک سابق ملازم کی شکایت پر پولیس نے نہ صرف مقدمات درج کئے بلکہ ان کے دفتر کی تلاشی لیتے ہوئے کمپیوٹر ہارڈ ڈسک اور دیگر اشیاء کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ تین مار ملنا نے ایم ایل سی گریجویٹ نشستوں کے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور انہیں نوجوانوں کی غیر معمولی تائید حاصل ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف وہ تنقیدی پروگرام پیش کرتے ہیں جو عوام میں کافی مقبول ہیں۔