جی او 317 پر کابینی سب کمیٹی کا اجلاس

   

محکمہ جات کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) سرکاری ملازمین کے تبادلے اور ترقی سے متعلق جی او 317 پر مؤثر عمل آوری کے لئے کابینی سب کمیٹی کا اجلاس سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے اجلاس کی صدارت کی۔ سب کمیٹی کے ارکان وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے شرکت کی۔ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل آوری سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ سب کمیٹی نے تبادلوں اور ترقی کے بارے میں حکومت کو ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بعض سرکاری محکمہ جات نے عہدیداروں اور ملازمین کے بارے میں سب کمیٹی کو رپورٹ پیش کردی ہے۔ مزید محکمہ جات کی جانب سے رپورٹ کی پیشکشی باقی ہے۔ ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات کو موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ کابینی سب کمیٹی نے 30 تا 40 فیصد ملازمین کی درخواستوں کی یکسوئی کی نشاندہی کی ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے کہاکہ ملازمین کے جائز مطالبات اور اُن کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ کابینی سب کمیٹی کے اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ایجوکیشن بی وینکٹیشم، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی مہیش کمار اکا، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا، پے ریویژن کمیشن کے صدرنشین شیوشنکر، پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے صدرنشین سرینواس راؤ، سکریٹری محکمہ صحت شریمتی کرسٹینا، پرنسپل سکریٹری احمد ندیم، لاء سکریٹری تروپتی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1