مرکزی حکومت نے ٹول فری نمبر 1915 اور واٹس ایپ نمبر 8800001915 دستیاب کرایا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جی ایس ٹی اصلاحات کے تناظر میں قیمتوں کی کمی کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہونے کی شکایتیں وصول ہونے اور سوشیل میڈیا ہیش ٹیاگ مہم شروع ہونے کا مرکزی حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ اس سلسلے میں صارفین سے شکایتیں وصول کرنے کے لیے 1915 ٹول فری نمبر اور واٹس ایپ نمبر 8800001915 کو دستیاب کرایا ہے ۔ قیمتوں میں کمی کے باوجود تاجرین کم قیمت پر اشیاء فروخت نہ کرنے کی صورت میں صارفین کو ٹول فری نمبر پر فون کال کرنے یا دئیے گئے واٹس ایپ پر مسیج کے ذریعہ اپنی شکایات درج کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں سنٹرل بورڈ آف ان ڈائرکٹ ٹیکسیس اینڈ کسٹمس (CBIC) نے خصوصی اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ Integrated Grievance Redressal Mechanism پورٹل کے ذریعہ بھی صارفین کو اپنی شکایتیں درج کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ دوسری طرف مرکز نے اس بات پر بھی توجہ مرکوز کی ہے کہ آیا ای کامرس کمپنیاں صارفین کو کم قیمتوں پر اشیاء فراہم کررہی ہیں یا نہیں ؟ اس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی وزارت فینانس نے 9 ستمبر کو ہی جی ایس ٹی حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ 54 اقسام کی مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں اپنی پہلی رپورٹ اندرون 30 ستمبر پیش کریں ۔ ان 54 اقسام کی مصنوعات میں مکھن ، شیمپو ، ٹوتھ پیسٹ ، آئسکریم ، اے سی ، ٹی وی ، گلوکومیٹر ، سمنٹ وغیرہ بھی شامل ہیں ۔۔ 2