جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی کے انتخابات

   

جاریہ ہفتہ اعلامیہ متوقع ۔ بلا مقابلہ انتخاب یقینی
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کے سلسلہ میں جاریہ ہفتہ کے دوران اعلامیہ کی اجرائی ممکن ہے کیونکہ 6جون کو موجودہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی معیاد مکمل ہونے جا رہی ہے اور معیاد کی تکمیل سے قبل انتخابی اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس مرتبہ بھی جی ایچ ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخاباتمیں کوئی مقابلہ نہیں ہوگا اور برسراقتدار جماعت کے ساتھ حلیف جماعت کے اراکین اسٹینڈنگ کمیٹی کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہے لیکن انتخابی عمل کی تکمیل کے لئے اعلامیہ کی اجرائی اور نامزدگیوں کی وصولی ناگزیر ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ اسٹینڈنگ کمیٹی کا آخری اجلاس 4جون کو منعقد کیا جائے گا اور اس اجلاس میں صدرنشین اسٹینڈنگ کمیٹی و مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کے سلسلہ میں فیصلہ کرتے ہوئے اعلامیہ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ موجودہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی معیاد کی تکمیل کے ساتھ ہی نئی اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے عہدیداروں نے بتایا کہ مجوزہ انتخابات کے ذریعہ منتخب ہونے والی اسٹینڈنگ کمیٹی موجدہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی آخری اسٹینڈنگ کمیٹی ہوگی کیونکہ اس کے بعد جی ایچ ایم سی انتخابات منعقد کئے جانے ہیں۔