جی ایچ ایم سی انتخابات ایک سال قبل منعقد کروانے پر غور

   

فبروری 2021 کی بجائے 2020 میں انعقاد ممکن ۔ دو سے زائد بچوں والوں کو مقابلہ کی اجازت
حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) حکومت ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد انتخابات کو ایک سال قبل منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت نے نئے جی ایچ ایم سی ایکٹ کی تیاری اور منظوری کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کردیا ہے۔ بلدی قوانین میں ترمیم اور دو سے زائد بچے والوں پر انتخابات میں حصہ لینے پر عائد پابندی کو ختم کرنے کے فیصلہ کے بعد کہاجا رہاہے کہ حکومت اپنے منصوبہ کے مطابق ان قوانین کو روشناس کروانا چاہتی ہے جو پارٹی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکیں۔ ذرائع کے مطابق دو سے زائد بچے رکھنے والوں کو بلدی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا مقصد امیدواروں کے انتخاب میں دشواریوں کو دور کرنا ہے کیونکہ ٹی آر ایس اور اس کی حلیف جماعت کو 50 فیصد خواتین کو تحفظات اور مابقی نشستوں پر مختلف زمروں کے تحت تحفظات کے علاوہ دو بچوں کی پابندی کے سبب امیدواروں کے انتخاب میں دشواریوں کا سامنا تھا اسی لئے اس کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت سے جی ایچ ایم سی نئے ایکٹ کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ قبل از وقت انتخابات کو یقینی بنانے کے علاوہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے ذرائع کے مطابق حکومت جی ایچ ایم سی انتخابات فبروری 2021 کی بجائے فبروری 2020میں کروانے پر غور کر رہی ہے اور جو تیاریاں کی جا رہی ہیں ان کے مطابق جی ایچ ایم سی کی تحلیل کے سلسلہ میں بھی نئے قوانین میں گنجائش فراہم کرتے ہوئے موجودہ کونسل کو قبل ازوقت تحلیل کردیا جائے گا اور آئندہ جی ایچ ایم سی کی انتخابات قبل از وقت منعقد کرنے کے سلسلہ اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی حکومت نے ریاست بلدی انتخابات کے سلسلہ میں قوانین کی ترمیم کا فیصلہ اب تک دو سے زائد بچے رکھنے کے سبب انتخاب کالعدم قرار دیئے جانے والوں کی تعداد کو نظر میں رکھتے ہوئے کیا ہے اور آئندہ اس پابندی کی برخواستگی کے بعد صورتحال کے معمول پر آنے کے متعلق حکومت پر امید ہے۔