ہر پولنگ بوتھ پر صرف 1000 ووٹ ہوں گے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی
حیدرآباد ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتا سارتھی نے کہاکہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں بحیثیت کارپوریٹر مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو پانچ لاکھ روپئے سے زیادہ رقم خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ساتھ ہی ریزرویشن میںکوئی تبدیلی نہیں ہے اور نہ ہی حلقوں میں کوئی تبدیلی ہوگی ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور خواتین کیلئے سال 2016 میں جو تحفظات پر عمل آوری ہوئی تھی اب بھی وہی تحفظات برقرار رہیں گے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے آفس میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل کلکٹرس ایڈیشنل کلکٹرس اور کمشنر جی ایچ ایم سی کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ساتھ ہی اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، سنگاریڈی ، میڑچل ، ملکاجگیری کے ایڈیشنل کلکٹرس کو ڈیوٹی الیکشن آفیسرس کی حیثیت سے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار کو ایڈیشنل کلکٹرس سے رابطہ تال میل پیدا کرتے ہوئے آزاداینہ ماحول میں انتخابی عمل کو مکمل کرنے کی ہدایات دی ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے کہاکہ موجودہ جی ایچ ایم سی کونسل کی بنیاد آئندہ سال 10 فروری 2021 تک ہے ۔ اس سے قبل انتخابات کروانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلینے کی ہدایت دی ۔ کورونا وباء کے پیش نظر پولنگ مراکز کیلئے بڑے کشادہ مالس کا انتخاب کرنے پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے حساس علاقوں کی نشاندہی کرنے اور ایک پولنگ مرکز میں 1000 سے زائد ووٹ نہ رکھنے پر زور دیا ۔ ہر پولنگ مرکز پر ایک پریسائڈنگ آفیسر چار انتخابی عملہ کا تقرر کرنے پولیس عہدیداروں کے ساتھ ملکر بندوبست کی حکمت عملی تیار کرنے ۔ اسٹاٹک سریولنس اور فلائنگ اسکواڈ کا بھی تقرر کرنے کی ہدایت دی ۔ بیالٹ باکس کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈسٹریبیوشن ، ریسپشنس اور کاونٹنگ سنٹرس کیلئے محفوظ مقامات کی نشاندہی کرنے کی احکامات جاری کئے ۔