34لاکھ 50 ہـزار سے زائد شہریوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا
حیدرآباد۔ بلدی انتخابات میں مجموعی اعتبار سے 46.55 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جملہ 34 لاکھ 50ہزار 331 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جی ایچ ایم سی حدود میں 149 بلدی حلقوں پر منعقد ہونے والے انتخابات میں ابتدائی مرحلہ میں رائے دہی کی رفتار سست رہی جبکہ بتدریج اس میں اضافہ ریکارڈکیا جاتا رہا جس کے نتیجہ میں مجموعی اعتبار سے رائے دہی 46.55 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں جملہ 18 لاکھ60ہزار 40 مرد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ 15 لاکھ 90ہزار 219 خاتون رائے دہندوں نے اپنے حق کا استعمال کیا علاوہ ازیں 72 دیگر جنس رکھنے والوں کی جانب سے بھی ووٹ کا استعمال کیا گیا ۔ 150 بلدی حلقہ جات میں سب سے زیادہ رائے دہی بلدی حلقہ رامچندرپورم میں ریکارڈ کی گئی جہاں رائے دہی کا فیصد 67.71 رہا اور دوسرے نمبر پر پٹن چیروو بلدی حلقہ میں رائے دہی ریکارڈکی گئی جہاں 65.77 فیصد رائے دہی ہوئی اسی طرح شہر کے سرحدی علاقہ میں موجود بھارتی نگر جو ان بلدی حلقہ جات سے متصل ہے میں تیسری سب سے زیادہ رائے دہی ریکارڈ کی گئی جہاں 61.89فیصد عوام نے رائے دہی میں حصہ لیا۔سب سے کم رائے دہی جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں موجود بلدی حلقہ یوسف گوڑہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں رائے دہی کا قطعی فیصد 32.99ریکارڈ کیا گیا ہے۔تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے رات دیر گئے جاری کئے گئے مجموعی فیصد میں بھی ترمیم کی گنجائش کے سلسلہ میں مطلع کیا گیا تھا اور رائے دہی کے دوسرے دن جی ایچ ایم سی انتخابات کے الیکشن آفیسر کی نگرانی میں تمام تفصیلات جاری کی گئیں اور اس میں بتایا گیا کہ کس وارڈ میں کتنے رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے اور ان میں کتنے مرد و خواتین رائے دہندے موجود رہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام بلدی حلقہ جات میں ہوئی رائے دہی کی تفصیلات کی اجرائی کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے تجربہ کار قائدین اور سرکردہ ماہرین کی جانب سے رائے دہی کے تناسب اور اس سے ہونے والے فائدہ اور نقصانات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور اپنے طور پر قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں کہ کس امیدوارکو کامیابی حاصل ہوگی اور صورتحال کا فائدہ کس سیاسی جماعت کو ملے گا۔