ٹکٹ کے خواہاں افراد نے کوششیں شروع کردیں۔ ارکان اسمبلی بھی حلقوں میں پہونچے
حیدرآباد۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد انتخابات کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے تمام جماعتوں کی جانب سے اپنے کارکنوں اور قائدین کو متحرک کردیا گیا ہے اور شہرحیدرآباد ٹکٹ خواہاں افراد نے عوام سے رابطہ شروع کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن و بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے تیاریوں کے درمیان شہر میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور تمام جماعتوں کے قائدین اپنے حامیوں کیلئے ٹکٹ کے حصول کی کوششوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ انتخابات میں بہتر مظاہرہ کیلئے تمام جماعتو ںکی جانب سے کوشش کی جانے لگی ہے اور برسراقتدار ٹی آر ایس نے شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرکے انہیں عملی جامہ پہنانے کا آغاز کردیا جبکہ دیگر جماعتوں سے اپنے حلقہ اثر میں بلدی ڈیویژنس کے مسائل سے آگہی حاصل اور ان کی یکسوئی کی کوششوں و نمائندگیوں کا آغاز کیاجاچکا ہے۔ شہر کے ارکان اسمبلی کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اور وہ اکثر اپنے حلقہ میں نظر آنے کے علاوہ مسائل کے حل کیلئے عہدیداروں کو متوجہ کروانے لگے ہیں۔ ٹکٹ کے خواہشمندسیاسی کارکنوں کی جانب سے عوام سے رابطہ بڑھانے کے ساتھ پارٹی قائدین کو جانب متوجہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔قائدین قریبی حامیوں کو متحرک ہونے کا مشورہ دینے کے علاوہ انہیں عوام کے درمیان رہنے کی تاکید کرنے لگے ہیں۔ انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ کمیشن موجودہ بلدیہ کی معیاد کے اختتام سے قبل انتخابی عمل کو مکمل کرنے تیار ہے اور آئندہ دو تاتین ماہ میں کسی بھی وقت انتخابات کا انعقاد کیاجاسکتا ہے۔ کمیشن سے ہدایات ملنے کے بعد بلدیہ کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور تاحال عہدیداروں کے علاوہ سیاسی نمائندوں کے ہمراہ اجلاس منعقد کئے جاچکے ہیں۔ ذرائع کے بموجب جی ایچ ایم سی کی جانب سے جلد ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی تواریخ کا اعلان کیاجائے گا اور شہریوں سے فہرست میں ناموں کی شمولیت کی اپیل کی جائے گی اور اس دوران بھی ٹکٹ کے خواہشمندوں کے علاوہ سیاسی جماعتو ںکے کارکنوں کی جانب سے متحرک کردار ادا کئے جانے کی توقع ہے۔
جی ایچ ایم سی میںٹی آر ایس 105 نشستیں جیتے گی : سرینواس گوڑ
حیدرآباد۔ وزیر سیاحت و اکسائز وی سرینواس گوڑ نے آج کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس کو بآسانی 105 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ وزیر موصوف نے بورا بنڈہ میں آج جی ایچ ایم سی کی جانب سے تعمیر کردہ ایک کمیونٹی ہال کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ریاست میں غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی پروگرامس شروع کئے ہیں اور ان سے ٹی آر ایس کو جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل کے انتخاب میں بھی ٹی آر ایس کو عوام کی تائید حاصل رہے گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں 70 سال میںمختلف حکومتوں نے غریب عوام کو مسلسل نظر انداز کیا تھا تاہم اب ٹی آر ایس حکومت ان کی فلاح و بہبود کیلئے کئی پروگرامس پر عمل آوری کر رہی ہے ۔ عوام حکومت سے خوش و مطمئن ہیں۔