جی ایچ ایم سی انتخابات،13 نومبر کے بعد اعلامیہ کی اجرائی

   

فہرست رائے دہندگان کی تیاری، تمام امیدواروں کو تشہیر کے یکساں مواقع، ریٹرننگ آفیسرس کے ساتھ الیکشن کمشنر کا اجلاس

حیدرآباد۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں کو انتخابی مہم کی یکساں طور پر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پارٹیوں اور امیدواروں کی جانب سے طرح طرح کے طریقے اختیار کئے جاتے ہیں۔ ہورڈنگس، یونی فلیکس، بس شیلٹرس، میٹرو پلرس اور دیگر مقامات کو انتخابی تشہیر کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی تشہیر کے کام کے ذمہ دار اداروں کو چاہیئے کہ وہ تمام پارٹیوں اور امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کریں۔ اس سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی دوران الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کیلئے منعقدہ تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں ریٹرننگ آفیسرس کا رول کلیدی ہوتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو اپنی خدمات غیر جانبداری کے ساتھ انجام دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ 7 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری ہوگا جبکہ 8 تا 11 نومبر اعتراضات کی سماعت ہوگی۔ 13 نومبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کے بعد کسی بھی وقت انتخابی اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عملے کو انتخابات سے متعلق تمام قواعد و ضوابط پر مکمل عبور حاصل کرنا چاہیئے۔ گریٹر حیدرآباد کے تحت 150 وارڈز اور 30 سرکلس ہیں۔ ایک سرکل کے تحت ایک ڈپٹی کمشنر ہوتے ہیں انہیں انتخابی عہدیدار کی حیثیت سے مقرر کیا جائے گا۔ 150 وارڈز کیلئے 150 ریٹرننگ عہدیدار اور 150 کاؤنٹنگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ ہر وارڈ کیلئے 50 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈیویژن کے ایک پولنگ اسٹیشن میں چہرہ شناسی سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ عہدیداروں کو مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ19 گائیڈ لائنس پر عمل کرنا چاہیئے۔