جی ایچ ایم سی حدود میں بستی دواخانوں میں اضافہ

   

جاریہ ماہ 32 نئے دواخانوں کا افتتاح ، کمشنر بلدیہ لوکیش کمار
حیدرآباد۔2۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے بلدی حدود میں چلائے جانے والے بستی دواخانوں کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ دونوں شہروں میں بستی دواخانوں کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق آئندہ سال کے اختتام سے قبل جی ایچ ایم سی حدود میں بستی دواخانوں کی تعداد 350 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ فی الحال شہر حیدرآباد میں226 بستی دواخانہ چلائے جا رہے ہیں جہاں مریضوں کو علاج و معالجہ کے علاوہ ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔بستی دواخانوں میں ابتدائی طبی معائنے بھی کئے جا رہے ہیں۔ 3 ڈسمبر کو جی ایچ ایم سی حدود میں 32 بستی دواخانوں کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا اور ان دواخانوں میں بھی تمام تر خدمات کی فراہمی کا آغاز کردیا جائے گا۔انہو ںنے بتایا کہ 7 بستی دواخانوں کی تعمیر اور ان میں خدمات کے آغاز کا مرحلہ جاری ہے جو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ 35نئے بستی دواخانوں کے قیام کے لئے کمیونٹی ہالس اور کھلے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بستی دواخانوں کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ریاستی حکومت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بستی دواخانو ںکے قیام کے بعد عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے ان میں اضافہ کیا جا رہاہے اور مزید 50 بستی دواخانوں کے قیام کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے۔بلدی عہدیداروں کے مطابق جی ایچ ایم سی کے حدود میں موجود تمام بلدی ڈویژنس میں کم از کم 2بستی دواخانوں کے قیام کے سلسلہ میں تیار کئے جانے والے منصوبہ کے تحت کی جانے والی ان کاروائیوں کو عوامی سراہنا حاصل ہورہی ہے اور عوام کی بڑی تعداد بستی دواخانوں میں فراہم کی جانے والی خدمات سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔3ڈسمبر کو 35نئے بستی دواخانوں کے افتتاح کے ساتھ ہی ان میں بنیادی طبی معائنوں کا بھی آغاز ہوجائے گا۔م