قابو پانے جی ایچ ایم سی کا منصوبہ، مچھر کش ادویات کا جھڑکاؤ، کمشنر بلدیہ امراپالی کا دورہ
حیدرآباد۔3۔جولائی (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں تیزی سے بڑھ رہے ڈینگو کے مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کے لئے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے وسیع تر منصوبہ تیار کرتے ہوئے دونوں شہروں کے تمام علاقوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے علاوہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد امرا پالی کٹا کی ہدایت کے بعد اڈیشنل کمشنر (صحت) جی ایچ ایم سی روی کرن نے جی ایچ ایم سی کے دفتر میں متعلقہ شعبہ کے عہدیدارو ںکے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران انہیں ہدایت دی کہ دونوں شہروں میں 6 یوم میں ایک مرتبہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے اور شہر حیدرآباد میں ڈینگو کے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ اطلاعات کے مطابق کمشنر بلدیہ نے شہر میں صفائی کے مسئلہ پر اچانک دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیدارو ںنے اس اجلاس کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ دونوں شہروں کے ان علاقوں میں جو کہ تالابوں یا ایسے مقامات کے قریب ہیں جہاں مچھروں کی افزائش زیاد ہ ہوتی ہے ان علاقو ںمیں مچھر کش ادویات کے اضافی چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے عہدیدارو ںنے 4846کالونیوں کی نشاندہی کی ہے جہاں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کام کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شعبہ انٹومولوجی میں 1100 افراد پر مشتمل عملہ کو متحرک کیا ہے تاکہ وہ ان علاقوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے کام انجام دیں۔ عہدیدارو ںکے مطابق اس مہم کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے متعلقہ شعبہ نے عوام سے ملاقات اور انہیں تفصیلات کی فراہمی کے ذریعہ ڈینگو کے متعلق شعور بیدار کرنے کافیصلہ کیا ہے اور اس شعور بیداری مہم کے تحت ہر جمعہ کو دونوں شہروں میں موجود اسکولوں اور کالجس میں بلدی عہدیدارو ںکی جانب سے شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے طلبہ کو اس بات سے واقف کروایا جائے گا کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لئے وہ کس طرح سے تعاون کرسکتے ہیں اور ان کی معمولی کوششوں کے ذریعہ ڈینگو پر کس طرح سے قابو پانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔شہر میں پائے جانے والے ڈینگو کے مریضوں کی تعداد پر قابو پانے اور اس وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کئے جانے والے ان اقدامات کے سلسلہ میں اڈیشنل کمشنر روی کرن نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس مہم کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں اور مستعدی کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنائیں۔3