جی ایچ ایم سی کی تنظیم جدید ، تین علحدہ کارپوریشنوں کی تشکیل

   

حیدرآباد ، سائبرآباد اور ملکاجگری کارپوریشنس ۔ حیدرآباد میں 150 بلدی وارڈس ، جیش رنجن تینوں کارپوریشنوں کے اسپیشل آفیسر مقرر
آر وی کرنن کمشنر جی ایچ ایم سی ، جی سری جنا کمشنر سائبرآباد اور ونئے کرشنا ریڈی کمشنر ملکاجگری کارپوریشن

حیدرآباد : 11 فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے توقع کے مطابق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی تنظیم جدید کرتے ہوئے تین کارپوریشنس کی تشکیل عمل میں لائی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی میعاد کل مکمل ہوگئی اور حکومت نے آج تین کارپوریشنس کی تشکیل کے علاوہ اسپیشل آفیسر کے تقرر کا اعلان کیا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ سائبرآباد اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشنس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ ڈسمبر میں شہر کے اطراف کی 27بلدیات کو ضم کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے حدود کو 650مربع کلومیٹر سے بڑھاکر 2050 مربع کلومیٹر کیا گیا تھا ۔ انتظامی سہولت کے خاطر حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں تین علحدہ کارپوریشنس کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج احکامات جاری کئے گئے ۔ موجودہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت 6 زونس اور 30 سرکلس رہیں گے اور بلدی ڈیویژن کی تعداد 150 رہے گی ۔ جی ایچ ایم سی کے تحت شمس آباد ، چارمینار ، خیریت آباد ، راجندر نگر ، گولکنڈہ اور سکندرآباد کے زونس کو شامل کیا گیا ہے ۔ سائبرآباد میونسپل کارپوریشنس کا علاقہ مغربی حیدرآباد اور شمالی حیدرآباد کے علاقوں پر مشتمل رہے گا جس کے تحت تین زونس اور 16سرکلس رہیں گے ۔ شیرلنگم پلی ، کوکٹ پلی اور قطب اللہ پور زونس کو سائبرآباد کارپوریشن کے تحت رکھا گیا ہے ۔ ملکاجگری کارپوریشن کے تحت تین زونس اور 14 سرکلس رہیں گے ۔ ملکاجگری ، اُپل اور ایل بی نگر زونس کو ملکاجگری کارپوریشن کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن کو حکومت نے تینوں میونسپل کارپوریشنوں کا اسپیشل آفیسر مقرر کیا ہے ۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے احکامات جاری کئے جس کے تحت وہ کارپوریشن کی تنظیم جدید کی نگرانی کریں گے ۔ حکومت نے آر بی کرنن کو کمشنر جی ایچ ایم سی کے عہدہ پر برقرار رکھا ہے جبکہ شریمتی جی سری جنا ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی کا تبادلہ کرتے ہوئے کمشنر سائبرآباد میونسپل کارپوریشن مقرر کیا ہے ۔ پی ونئے کرشنا ریڈی ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی کا تبادلہ کر کے کمشنر ملکاجگری میونسپل کارپوریشن مقرر کیا گیا ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے جی ایچ ایم سی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت شمس آباد زون میں آدی بٹلہ ، بڈنگ پیٹ ، جل پلی اور شمس آباد سرکلس شامل ہیں ۔ چارمینار زون میں سنتوش نگر ، یاقوت پورہ ، ملک پیٹ ، چارمینار ، موسیٰ رام باغ سرکل شامل ہیں ۔ خیریت آباد زون کے تحت خیریت آباد ، جوبلی ہلز ، بورہ بنڈہ ، یوسف گوڑہ اور امیر پیٹ سرکل شامل ہیں ۔ راجندر نگر زون میں راجندر نگر ، عطا پور ، بہادر پورہ ، فلک نما اور چندرائن گٹہ سرکلس شامل ہیں ۔ گولکنڈہ زون کے تحت گوشہ محل ، کاروان ، گولکنڈہ ، مہدی پٹنم اور مانصاحب ٹینک سرکلس شامل ہیں ۔ سکندرآباد زون کے تحت کواڑی گوڑہ ، مشیرآباد ، عنبرپیٹ ، تارناکہ اور میٹوگوڑہ سرکلس کو شامل کیا گیا ہے ۔ سائبرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت 16 سرکلس میں نارسنگی ، پٹن چیرو ، امین پور ، میاں پور ، شیرلنگم پلی ، مادھا پور ، آلوین کالونی ، موسیٰ پیٹ ، چنتل ، جیڈی میٹلہ ، کوم پلی ، گاجولا رامارم ، نظام پیٹ ، دنڈیگل اور میڑچل سرکلس شامل ہیں ۔ ملکاجگری میونسپل کارپوریشن کے تحت 14 سرکلس میں کیسرا ، الوال ، بوئن پلی ، مولاعلی ، ملکاجگری ، گھٹکیسر ، کاپرا ، ناچارام ، اُپل ، بوڈ اُپل ، ناگول ، سرور نگر ، ایل بی نگر اور حیات نگر شامل ہیں ۔1