جی ایچ ایم سی کے 149 نو منتخب کارپوریٹرس کی حلف برداری

,

   

ریٹرننگ آفیسر شویتا موہنتی نے حلف دلایا ۔ تلگو ‘ اردو ‘ انگریزی و ہندی زبانوں میں حلف لیا گیا
حیدرآباد۔بلدیہ حیدرآبادکے 149 نو منتخبہ کارپوریٹرس کوریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر مسز شویتا موہنتی نے انتخابی مبصر مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ کی موجود گی میں حلف دلایا۔ صبح11 بجے کونسل ہال میں نومنتخبہ مئیر کی حلف برداری کے سلسلہ میں ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر شویتا موہنتی نے تفصیلات فراہم کی اور ارکان کو واقف کروایا کہ 4 زبانوں میں حلف برداری کی سہولت ہے ۔ انفرادی حلف برداری ہو گی لیکن ٹی آر ایس ایم ایل سی مسٹرایم ایس پربھاکر نے رائے دی کہ انفرادی کی بجائے زبان کی بنیاد پر اجتماعی حلف برداری کروائی جائے ۔ اس پر مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے زبان کے اساس پر اجتماعی حلف برداری کی تائید کی ۔ رکن اسمبلی بی جے پی راجہ سنگھ نے اور کانگریس نے بھی زبان کے اساس پر اجتماعی حلف کی حمایت کی جس پر ریٹرننگ آفیسر مسز شویتا موہنتی نے اجتماعی حلف برداری کا آغاز کیا اور سب سے تلگو زبان میں اس کے بعد اردو میں پھر انگریزی میں حلف دلایا گیا جس میں تمام جماعتوں کے کارپوریٹرس شامل تھے۔ آخرمیں ہندی میں حلف دلوایا گیا اور بی جے پی کی معمولی تعداد نے ہندی میں حلف لیا۔حلف برداری کو اندرون 15 منٹ مکمل کرلیا گیا ۔ اس کے ساتھ ہی پہلے مرحلہ کی برخواستگی اور 12:30 بجے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کا اعلان کردیا گیا ۔حلف برداری کے بعد ارکان کو ایک دوسرے سے ملاقات کرتے اور نومنتخبہ ارکان سے تعارفی ملاقات اور مبارکباد دیتے دیکھا گیا ۔