جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں ٹی آر ایس 104 نشستوں پر کامیاب ہوگی

   

مرکز کے جاری کردہ رہنمایا خطوط پر سنیما تھیٹرس کھولے جائیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں : ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی ار ایس 104 بلدی ڈیویژنس پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس اور بی جے پی نے 2016 میں جن ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس مرتبہ ان ڈیویژنس سے بھی محروم ہوجائے گی ۔ انہوں نے ایک مقامی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے ریاست بالخصوص شہر کے عوام پوری طرح مطمئن اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس سے عوام بے حد متاثر ہورہے ہیں حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن جماعتیں کانگریس اور بی جے پی پوری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ اپنا وجود باقی ہونے کا پارٹی کیڈرس کو یقین دلانے کے لیے حکومت پر تنقید برائے تنقید کررہی ہے لیکن عوام ان پر ہرگز بھروسہ کرنے والے نہیں ہے ۔ سنیما ٹو گرافی کا قلمدان بھی اپنے پاس رکھنے والے ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ اگر 15 اکٹوبر سے سنیما تھیٹرس کھولنے کیلئے فلمی انڈسٹری دلچسپی دکھاتی ہے تو ریاستی حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا بلکہ حکومت مکمل تعاون کرنے کیلئے تیار ہے ۔ حکومت ہند کے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق اگر سنیما تھیٹرس کھولے جاتے ہیں تو حکومت تلنگانہ کو کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ تھیٹرس انتظامیہ کوئی فیصلہ کر کے ہمارے پاس پہونچتے ہیں تو مذاکرات کرتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹرس انتظامیہ میں بھی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں ۔ اگر تھوڑے تھیٹرس اب کھولے جارہے ہیں تو تھوڑے تھیٹرس بعد میں کھولے جائیں تو بہتر ہوگا ۔۔