جی ایچ ایم سی کے ڈیویژنس میں 200 تک اضافہ کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ڈیویژنس کی تعداد میں موجودہ 150 سے 200 تک اضافہ ہونے کا امکان ہے کیوں کہ ایڈمنسٹریشن کا پلان ہے کہ ہر 50,000 آبادی کے لیے ایک ڈیویژن بنایا جائے ۔ نئے جی ایچ ایم سی ایکٹ کی تشہیر پر اس ایکسر سائز کو تقویت حاصل ہوگی ۔ جی ایچ ایم سی کا منصوبہ ہے کہ اس عمل کو نومبر 2020 تک مکمل کیا جائے اور آئندہ سال جنوری تک انتخابات کے لیے اعلامیہ جاری کیا جائے ۔ جی ایچ ایم سی کا وجود 2007 میں اطراف کی 12 بلدیات کو اس میں ضم کرنے کے ساتھ عمل میں آیا ۔ 2001 کی مردم شماری کے لحاظ سے 2009 میں جی ایچ ایم سی کے انتخابات ہوئے تھے اس کی میعاد 2014 میں ختم ہوگئی ۔ کئی لوگوں نے عدالت سے رجوع ہو کر کہا کہ اس میں 67 لاکھ کی آبادی کے لیے 172 ڈیویژنس ہونا چاہئے ۔ عدالت نے جی ایچ ایم سی سے کہا کہ ڈیویژنس کی از سر نو حد بندی کی جائے ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے حکومت کو بتایا تھا کہ جی ایچ ایم سی میں ہر ڈیویژن کے لیے 40,000 آبادی کی شرح پر 172 ڈیویژنس درکار ہیں ۔ حکومت نے ڈیویژنس میں اضافہ نہیں کیا ۔ لیکن اس بات کو یقینی بنایا کہ ہر ڈیویژن میں صرف 40 ہزار کی آبادی ہو اور ہر ڈیویژن کے لیے نئی باونڈریز مقرر کی ۔ جنوری 2016 میں جی ایچ ایم سی کے انتخابات ہوئے اور نئی گورننگ باڈی آئندہ ماہ جائزہ لی ۔ موجودہ گورننگ باڈی کی میعاد فروری 2021 میں ختم ہوگی ۔ حکومت کی مشنری نئے جی ایچ ایم سی ایکٹ کے نفاذ اور ہر 50,000 کی آبادی کے لیے ایک ڈیویژن کی شرح سے ڈیویژنس کی از سر نو حد بندی کرنے اور اس عمل کو نومبر 2020 تک مکمل کرنے اور 2021 میں انتخابی اعلامیہ جاری کروانے کے نظریہ پر توجہ دے رہی ہے ۔ چونکہ 2021 کی مردم شماری 2024 سے لاگو ہوگی ۔ اس لیے ڈیویژنس کی از سر نو حد بندی 2011 کی مردم شماری کے مطابق ہوگی ۔۔