حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کی جانب سے اس کے ہیڈ آفس پر کوویڈ 19 کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور اس کیلئے 20 ڈاکٹرس کو مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کنٹرول روم سے 040-21111111 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے عہدیدار کوویڈ سے متعلق طبی مشورہ دیں گے اور میڈیکل کٹس فراہم کریں گے ۔ ڈاکٹرس ہر روز دو شفٹس میں کام کریں گے ۔ صبح 8 تا 2 بجے دن اور 2 بجے دن تا 8 بجے شام ۔ اس کنٹرول پر متعین یہ ڈاکٹرس کوویڈ 19 وبا کے تدارک کیلئے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات کے بارے میں بتائیں گے ۔ اور کوویڈ پازیٹیو مریضوں کے علاج و معالجہ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق مشورہ دیں گے ۔ اورینٹیشن پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے میڈیکل اینڈ ہیلت سکریٹری ایس اے ایم رضوی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ اگر کسی میں کوویڈ جیسی علامتیں پائی جائیں تو انہیں صحیح طبی مشورہ اور میڈیکل کٹس کیلئے کنٹرول روم کو کال کرنا چاہئے ‘ ۔ رضوی نے کہا کہ 104 کو آنے والے کالس کو بھی کنٹرول روم نمبر سے مربوط کیا جارہا ہے ۔ میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی گنگا دھر نے مریضوں کو مشورہ دیا کہ اگر ان میں کوئی علامتیں ظاہر ہوں تو وہ فوری طور پر ٹسٹس اور اسکین نہ کروائیں ۔ اس کے بجائے پانچ دن تک دوائیں استعمال کریں ۔۔