ٹوکیو : جاپان کے شہر ہیروشما میں دنیا کی سات امیر ترین جمہوریتوں کے سربراہوں کا اجلاس منعقد ہوا۔اس میں امریکہ، جاپان، جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور کینیڈا کے سربراہان نے روس کے یوکرین پر حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور چین کے ساتھ کشیدہ حالات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی بھی اس اجلاس میں بطور مہمان صدر موجود تھے۔جی سیون ممالک نے چین کو پیغام دیا ہے کہ وہ اس کے ساتھ تعمیری اور مستحکم تعلقات کے لیے تیار ہیں۔دوسری جانب ایسے اشارے ہیں کی یوکرین کو ایف سولہ جنگی طیارے مل سکتے ہیں جبکہ روس نے ایسا کرنے سے خبردار کیا ہے۔اس سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ حکومت کے ساتھ تعاون ضروری ہے اور وہ چین کی ترقی اور اقتصادی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے۔دنیا کی ان سات دولت مند جمہوریتوں نے ایک مرتبہ پھر چین پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ ختم کرنے کے لیے اپنے سٹریٹجک اتحادی روس پر دباؤ ڈالے۔