جی میل اور دیگر گوگل سرویس 45 منٹ بند ، پھر بحال

   


نئی دہلی : جی میل اور یوٹیوب کے بشمول کئی دیگر گوگل سرویسیس پیر کی شام تقریباً 45 منٹ کسی انٹرنل اسٹوریج کوٹہ مسئلے کے سبب بند ہوئیں ، جسے اب بحال کرلیا گیاہے ۔ بڑی ٹکنالوجی کمپنی نے بتایا کہ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5:17 بجے گوگل کے سسٹم میں کچھ خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے کمپنی کی مختلف نوعیت کی سرویس میں خلل پڑا ۔ تاہم 6:02 بجے تک تمام خدمات کو بحال کرلیا گیا ۔ ترجمان گوگل نے ہر متاثرہ فرد سے معذرت خواہی کی ہے اور کہاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسئلے کے تدارک کے لئے سسٹم کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا ۔ گوگل کو اسی نوعیت کا مسئلہ رواں سال اگسٹ میں پیش آیا تھا ۔ انٹرنیٹ کے صارفین نے جیسے ہی گوگل سرویس میں مسئلہ پیدا ہوا ، ٹوئٹر کے ذریعہ اپنے احساسات کا اظہار کیا ۔