جیون ریڈی کو منانے کیلئے مہیش کمار گوڑ کی کوششیں رائیگاں

   

جگتیال پہونچ کر ناراض قائد سے ملاقات، پارٹی میں برقرار رہنے کی درخواست، کانگریس کا کھنڈوا پہننے سے انکار

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے سابق وزیر اور سینئر لیڈر ٹی جیون ریڈی کو پارٹی میں برقرار رکھنے کی آخری کوشش کے طور پر صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین کو جگتیال روانہ کیا۔ پارٹی سے ناراض جیون ریڈی نے 25 مارچ کو حامیوں کے ساتھ اجلاس میں باقاعدہ استعفے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو اور لکشمن کمار کی جانب سے جیون ریڈی کو پارٹی میں برقرار رہنے کی ترغیب دینے میں ناکامی کے بعد تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو ذمہ داری دی۔ مہیش کمار گوڑ نے اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساون اور گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کے ہمراہ آج جگتیال پہونچ کر جیون ریڈی سے ملاقات کی۔ ایک گھنٹے سے زائد تک جیون ریڈی کو پارٹی میں مستحقہ مقام دینے کا تیقن دیا گیا اور اُنھیں پارٹی چھوڑنے کے فیصلہ سے دستبرداری کی ترغیب دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی نے مہیش کمار گوڑ کو کوئی واضح تیقن نہیں دیا اور کہاکہ جس انداز میں پارٹی نے اُن کی توہین کی ہے وہ مستقبل کے بارے میں حامیوں سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔ اُنھوں نے کل 25 مارچ کو حامیوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے گزشتہ 2 دنوں کے دوران جیون ریڈی کو استعفے سے روکنے کی مساعی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کے موقع پر جیون ریڈی نے پارٹی کا کھنڈوا پہننے سے گریز کیا۔ جیون ریڈی کے حامیوں نے بھی تقریباً 43 برسوں سے خدمات انجام دینے والے قائد کو نظرانداز کرنے پر ناراضگی جتائی۔ ملاقات کے بعد مہیش کمار گوڑ اور جیون ریڈی نے میڈیا سے مشترکہ طور پر بات چیت نہیں کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ جیون ریڈی سیاست میں 43 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وہ ہمارے لئے والد کی طرح ہیں۔ جیون ریڈی کو جگتیال میں سیاسی طور پر بعض دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس پارٹی اُنھیں چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ جیون ریڈی کو کسی بھی انتہائی فیصلہ سے گریز کا مشورہ دیا گیا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ جیون ریڈی کانگریس میں برقرار رہیں گے۔ اِسی دوران جیون ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اُنھوں نے پارٹی کی ریاستی اور قومی قیادت سے بارہا جگتیال کی صورتحال کا ذکر کیا لیکن کوئی حل تلاش نہیں کیا گیا۔ جیون ریڈی نے اشارہ دیا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور حامیوں سے مشاورت کے بعد ہی سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ کی آمد کے موقع پر اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب جیون ریڈی کے حامیوں نے جگتیال ضلع کانگریس کے صدر سوندریا کو جیون ریڈی کی قیامگاہ میں داخلہ سے روک دیا اور اُن کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ضلع کانگریس صدر کو واپس ہونا پڑا۔ جس وقت جیون ریڈی کو پارٹی کا کھنڈوا پہنانے کی کوشش کی گئی تو اُنھوں نے انکار کیا اور کہاکہ پارٹی میں جو توہین ہوئی ہے وہ کافی ہے اور اب کھنڈوے کی ضرورت نہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جیون ریڈی نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی سنجے کمار کی پارٹی میں شمولیت اور پارٹی اُمور میں مداخلت سے دلبرداشتہ ہوکر بی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔1