حیدرآباد ۔14 ڈسمبر (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے بشیرباغ جیویلری شاپ سرقہ کی واردات کو حل کرلیا اور دو بین ریاستی سارقوں کو گرفتار کرلیا۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 65 سالہ رمیش منصور ڈانیشور اور 44 سالہ میور کشور کمار سرو ساکنان بوری ویلی ویسٹ ممبئی کو ممبئی سے گرفتار کرلیا۔ بشیرباغ علاقہ میں واقع جیویلری شاپ میں یکم ؍ ڈسمبر کو توجہ ہٹا کر جیویلری دکان کے مالک کو لوٹ لیا گیا تھا۔ گرفتار دونوں افراد پیشہ سے گولڈ اینڈ ڈائمنڈ کے بروکر تھے۔ اس واقعہ کی رپورٹ 4 ڈسمبر کو درج کی گئی۔ ان دونوں نے نقلی شناختی کارڈ بنا کر دوکاندار کو لوٹ لیا۔ بنکاک کا شناختی کارڈ اور VOIP نمبر دیکر اس کو اپنے جھانسہ میں لیا اور تقریباً 60.20 کیرٹ ہیرے لیکر فرار ہوگئے جس کی مالیت تقریباً 40 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے مسروقہ مال کو ضبط کرلیا۔