حیدرآباد کے طالب علم کو سرفہرست مقام ، 30 اپریل سے ایڈوانس امتحان کیلئے رجسٹریشن
حیدرآباد ۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقدہ جے ای ای مین 2023ء سیشن ۔ 2 کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں، جس میں حیدرآباد کے ایس وینکٹ کونڈنپا نے 300/300 مارکس حاصل کرتے ہوئے سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ ساتھ ہی شہر کے سائی درگا ریڈی کو چھٹا رینک حاصل ہوا ہے۔ آندھراپردیش کے نیلور کے طالب علم پی لوہت آدتیہ سائی کو دوسرا رینک حاصل ہوا ہے۔ املاپورم کے سائی ناتھ سریمنھتا کو 10 واں رینک حاصل ہوا ہے۔ واضح رہیکہ جاریہ ماہ 6 تا 15 اپریل امتحانات منعقد کئے گئے تھے ۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے نتائج کو جاری کیا ہے۔ طلبہ اپنے نتائج (NTA) کے سرکاری ویب سائیٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔ امیدوار اپنا اپلیکیشن نمبر اور تاریخ پیدائش کی تفصیلات درج کرتے ہوئے اسکور کارڈ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ جے ای ای مین سیشن ۔ 1 جنوری میں منعقد ہوا تھا۔ اس امتحان میں 8.60 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں اور 8.24 لاکھ طلبہ نے امتحانات میں شریک ہوئے 6 تا 15 اپریل تک سیشن ۔ 2 امتحانات میں 9.40 لاکھ طلبہ نے درخواستیں داخل کیں۔ (پیپر 1,2) ایڈوانسڈ امتحان کیلئے 30 اپریل سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگا۔ 7 مئی تک درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ 29 مئی تا 4 جون تک اڈمٹ کارڈس ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ 4 جون کو امتحان منعقد ہوگا۔ن