بی جے پی ایسی کوئی کوشش کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ جھارکھنڈ میں انتخابی ریلی سے مرکزی وزیر داخلہ کا خطاب
ڈمکا (جھارکھنڈ) : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خفیہ طور پرکانگریس پارٹی کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو تحفظات دینے کی سازش کر رہے ہیں اور خبردار کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایسا ہونے نہیں دے گی اور ہیمنت سورین اپنی کوشش میں ناکام ہوجائیں گے ۔ امیت شاہ نے گرتی ہوئی قبائلی آبادی کیلئے ہیمنت سورین کو ہی ذمہ دار قرار دیا ۔ جھارکھنڈ کے ڈمکا ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا ہیمنت سورین خفیہ طور پر کانگریس کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کی سازش کر رہے ہیں۔. میں بتانا چاہتا ہوں کہ بی جے پی ہیمنت سورین اور راہول گاندھی کی ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ جھارکھنڈ حکومت ووٹ بینک میں دراندازی کو فروغ دے رہی ہے اور کہا چیف منسٹر ہیمنت سورین قبائلیوں کی گھٹتی ہوئی آبادی کیلئے ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ دراندازوں کو جھارکھنڈ میں داخل ہونے اور قبائلی خواتین سے شادی کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔. وہ یہاں قبائلی زمین چھین رہے ہیںجسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے 10 سالوں میں جھارکھنڈ کو 84000 کروڑ روپے کے فنڈز دئے جبکہ وزیر اعظم مودی نے ریاست کو 3.90 لاکھ کروڑ روپے کے فنڈز دئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہیمنت سورین بدعنوانی اور فنڈز کی لوٹ مار میں ملوث رہے ہیں لیکن 23 نومبر کو ان کا اقتدار ختم ہوجائیگا۔. اقتدار کیلئے لالچ نے ہیمنت سورین کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کانگریس سے ہاتھ ملانے پر مجبور کیا، جس نے جھارکھنڈ کے قیام کی مخالفت کی تھی۔ امیت شاہ نے وعدہ کیا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ اتنی صنعتیں قائم کرے گی کہ ایک بھی نوجوان کو روزی روٹی کی تلاش میں دوسری جگہوں پر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت منصوبوں کیلئے لوگوں کو بے گھر کرنے سے پہلے بحالی کی اسکیموں کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم مودی کے دور میں جھارکھنڈ نکسل ازم سے آزاد ہو گیا اور جو کچھ بچا ہے وہ مارچ 2025 تک ختم ہو جائے گا۔
جھارکھنڈ دھام قومی سطح پر تیار کیا جائے گا:امیت شاہ
گرڈیہ : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت نے جھارکھنڈ دھام کو یاترا کے مقام کے طور پر فروغ دینے 285 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ امیت شاہ نے دھنور اسمبلی میں وجے سنکلپ سبھا میں ہیمنت حکومت پر تنقید کی۔ امیت شاہ نے کہا کہ جھارکھنڈ کے نوجوانوں، قبائلیوں اور جھارکھنڈ کی ماؤں بہنوں کی ترقی کیلئے بدعنوان حکومت کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ حکومت کے وزیر سے برآمد 350 کروڑ روپے اور ان کے پی اے سے 35 کروڑ روپے ہیمنت حکومت کے نہیں تھے بلکہ وزیر اعظم مودی نے یہ رقم جھارکھنڈ کے عوام کی ترقی کیلئے بھیجی تھی۔ بدعنوانی میں ملوث کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ 2009 میں یو پی اے حکومت نے جھارکھنڈ کی ترقی کیلئے جھارکھنڈ حکومت کو صرف 84 ہزار کروڑ روپے دیے تھے ، مودی حکومت میں جھارکھنڈ کی ترقی کے لیے 3 لاکھ 90 ہزار کروڑ روپے دیے گئے ۔ اس کے باوجود جھارکھنڈ میں ہیمنت حکومت نے کوئی ترقی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر ہیمنت سرکار کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی کاموں کی فہرست بھی دیں۔