صدرنشین اقلیتی کمیشن قمرالدین کا دورہ ، وائس چانسلر اور رجسٹرار سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 26۔جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اے وینو گوپال ریڈی اور رجسٹرار این یادیا نے استقبال کیا ۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے یونیورسٹی میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ کیڈر کے اقلیتی ملازمین کے مسائل پر بات چیت کی انہوں نے چار فیصد تحفظات پر موثر عمل آوری کی تجویز پیش کی ۔ محمد قمرالدین نے یونین پبلک سرویس کمیشن اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی امتحانات کے لئے اقلیتی طلبہ کو کوچنگ فراہم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ وہ مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے بہتر تعلیمی مستقبل کے لئے یونیورسٹی کو کوچنگ کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے جے این ٹی یو سے ملحقہ اقلیتی انجنیئرنگ کالجس کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور وائس چانسلر سے خواہش کی کہ ان کالجس کے معیار تعلیم میں اضافہ کے اقدامات کریں ۔ وائس چانسلر نے تیقن دیا کہ ٹیچر اور نان ٹیچنگ اقلیتی ملازمین کی تفصیلات کمیشن کو فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مختلف فیکلٹیز میں زیر تعلیم اقلیتی طلبہ کی تفصیلات بھی کمیشن کو روانہ کی جائیں گی۔
