جے شنکر کی 10 وزرائے خارجہ سے فون پربات

   

نئی دہلی :وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے پیر کی رات اور منگل کو دن کے وقت 10 ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ فون پر علحدہ بات چیت کی۔ جے شنکر نے جن ممالک سے بات کی ان میں امریکہ، روس، مالدیپ، آسٹریلیا، انڈونیشیا، بھوٹان، نائجیریا، نیپال، بنگلہ دیش اور سنگاپور شامل ہیں۔ٹیلی فونک بات چیت کے دوران وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے ہم منصبوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور دو طرفہ اور عالمی امور پر وسیع تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔اپنے ٹویٹ میں جے شنکر نے بتایاکہ گزشتہ رات وزیر خارجہ بلنکن کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ جس میں انڈو پیسیفک سمیت دو طرفہ امور اور اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان اور امریکہ وزرائے خارجہ اور دفاع کی سطح پر ‘ٹو پلس ٹو’ بات چیت کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اسی طرح جے شنکر نے ایک اور ٹویٹ میں بتایاکہ آج شام روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ سالانہ کانفرنس اور ‘ٹو پلس ٹو’ میٹنگ کے بعد ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔