جے شنکر کی اوبرائن سے ملاقات، اہم مسائل پر بات چیت

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن،4اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعرات کو امریکہ کے نَومقرر قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن سے ملاقات کر کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر جے شنکر کی مسٹر اوبرائن سے ملاقات ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ پالیسی ساز افراد کے ساتھ متعینہ ان کے اجلاس کا حصہ تھی۔ اس اجلاس کے بعد ڈاکٹر جے شنکر نے ٹویٹ کیا،‘امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن سے مل کر خوشی ہوئی۔ اہم امور پر ایک اہم اجلاس۔ ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار’۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر اوبرائن مسٹر ٹرمپ کی جاری صدارتی میعاد میں مسٹر جان بولٹن کی جگہ امریکہ کے قومی سلامتی کے چوتھے مشیر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے مسٹر بولٹن کو گذشتہ ستمبر میں قومی سلامتی کے مشیر کے عہدے سے برخاست کر دیا تھا۔وزیرخارجہ امریکی دورے کے موقع پر اپنے امریکی ہم منصب مائک پومپیو سمیت امریکی وزارت خارجہ کے اہم افسران سے ملاقات کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر جے شنکر اور مسٹر پومپیو کی ملاقات کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا تھاکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ترقی پسند دو طرفہ اسٹریٹجک تعلقات، کشمیر میں ترقی اور دیگر عالمی امور سمیت کئی مسائل پر گفتگوہوئی ۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ امریکہ کے وزیردفاع ڈاکٹر مارک ایسپر سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔