نئی دہلی، 22 جنوری (یواین آئی) یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یوروپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے اگلے ہفتے ہندوستان کے دورے سے پہلے ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعرات کو یہاں یورپی یونین کے ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ یورپی سفارت کاروں سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ دنیا بھر میں عدم استحکام اور غیر یقینی کے موجودہ ماحول میں ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تعلقات ضروری ہیں۔ یہ تعلقات عالمی نظام کو استحکام فراہم کریں گے ۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں، وزیر خارجہ نے کہا کہ آج یوروپی یونین کے ممالک کے سفیروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ ان سے دنیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جہاں عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال ایک نیا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران انہوں نے مضبوط ہند-یورپی یونین تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔