حالت جنگ سے متاثرہ ملک شام زلزلہ سے شدید متاثر ، سوشیل میڈیا پر درد ناک اپیل

   

روزنامہ سیاست کی جانب سے دفتر حج ہاوز سے متصل عمارت میں امدادی کلکشن کاونٹر کا قیام
حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) ہم صرف زلزلہ کے متاثر نہیں ہیں بلکہ گذشتہ 8برسوں سے ہم جنگی خطہ میں زندگی گذار رہے ہیں ‘ ہمارے آنسو اور آہیں سننے والا کوئی نہیں ہیں اور دنیا بھر میں انسانیت کی بقاء اور تحفظ کی دہائی دینے والے ہمارے اور شہریوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ حالت جنگ سے متاثر لاکھوں شہری اب زلزلہ کے سبب متاثر ہوچکے ہیں اور آزمائش کے اس دور میں دنیائے انسانیت ہماری بھی مدد کے لئے آگے آئے کیونکہ ہم نہ صرف زلزلہ کے متاثر ہیں بلکہ جنگ زدہ علاقہ کے مکین ہیں۔ملک شام کے کئی متاثرین کی عربی و انگریزی زبان میں ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں شامی شہری دردناک صورتحال سے بدیدۂ نم واقف کرواتے ہوئے دنیا سے اپیل کر رہے ہیں کہ ملک شام کے اس خطہ میں شہریوں کی مدد کی جائے جہاں زلزلہ کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہونے کے علاوہ ہزاروں افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔ ادارۂ سیاست کی جانب سے ترکیہ میں زلزلہ کے متاثرین کے لئے مالی امداد کی حوالگی اور اشیاء روانہ کئے جانے کے بعد ادارہ ٔ سیاست نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک شام میں زلزلہ کے متاثرین کے لئے بھی اشیائے راحت کاری جمع کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے ادارۂ سیاست کی جانب سے حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر عمارت میں کلکشن کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ شہر حیدرآباد میں ترکیہ قونصل خانہ کی موجودگی کے سبب مخیر وہمدردان قوم ملت نے ترکیہ زلزلہ کے متاثرین کے لئے امدادی اشیاء کی وصولی کے لئے قائم کئے گئے مرکز پر فراخدلانہ اشیائے ضروریہ جمع کروائے ہیں لیکن ملک شام کے زلزلہ کے متاثرین کے لئے شہر حیدرآباد میں کسی بھی مقام پر امدادی و راحت کاری اشیاء جمع کروانے کے اقدامات نہیں کئے گئے جس پر ذمہ داران ادارۂ سیاست نے ملک شام کے لئے اشیاء راحت کاری جمع کرتے ہوئے شام کے سفارت خانہ کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر عمارت میں قائم کئے گئے عارضی کلکشن کے مرکز پر 17فروری بعد نماز جمعہ سے اشیاء کی وصولی کا آغاز کیا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بور ڈ جناب محمد مسیح اللہ خان سے ملک شام کے شہریوں کے لئے امدادی سامان کی وصولی اور اسے سفارت خانہ روانہ کرنے تک کے لئے بطور گودام استعمال کرنے عارضی جگہ ’’گارڈن ویو مال‘‘ کی زیر تعمیر عمارت میں فراہم کرنے کی خواہش پر انہوں نے فوری منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس کار خیر کے لئے وہ اس عمارت کی پہلی منزل حوالہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان کی جانب سے جگہ کی صفائی اور عارضی گودام کے طور پر استعمال کے لئے حوالگی کے فیصلہ پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ملک شام کے متاثرین کے لئے راحت کاری سامان کی وصولی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ م