تلنگانہ کی ترقی پر بی جے پی کے قائدین کو رویندر بھارتی میں کھلے عام مباحث کا چیلنج
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر بی ونود کمار نے بی جے پی کے قائدین کو تلنگانہ اور بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کی ترقی پر رویندر بھارتی میں کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی ونود کمار نے بی جے پی کے قومی قائدین ریاستی قائدین چیف منسٹرس اور سابق چیف منسٹرس کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی سے بی جے پی کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ تلنگانہ میں عوام بی جے پی کو ٹھکرا چکے ہیں ۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹ کا سہارا لیا جارہا ہے ۔ مذہبی جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی پر بی جے پی کا کوئی پیٹنٹ حق نہیں ہے ۔ بی جے پی رام مندر کے نام پر ووٹ بٹور رہی ہے ۔ مگر ہم نے وعدے کے بغیر عالیشان یادادری مندر تعمیر کرچکے ہیں ۔ بی ونود نے کہا کہ تلنگانہ میں ڈوبتی ہوئی بی جے پی کو سہارا دینے کیلئے بی جے پی کے چیف منسٹرس اور سابق چیف منسٹر تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے حکومت پر جھوٹے بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں اور فرقہ پرستی کا زہر گھول رہے ہیں جب کہ انہیں اپنے اپنے ریاستوں میں کی گئی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالنا چاہئے تھا ۔ ریاست تلنگانہ میں جن اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ ملک بھر میں اس کی کہیں نظیر نہیں ملتی ۔ بی جے پی کے قائدین مرکزی حکومت کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی کے معاملے میں معلومات حاصل کرلیں ۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا آر ایس ایس کے اجلاس میں شریک ہونے کے لیے حیدرآباد پہونچے مگر انہوں نے بنڈی سنجے کو گرفتار کرنے پر پہونچنے کا دعویٰ کیا ۔ عوام اس طرح کی جھوٹی باتوں کو قبول کرنے والے نہیں ہے ۔ انہوں نے بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹر کو تلنگانہ آنے کی دعوت دی ۔ حکومت کی جانب سے چار ہیلی کاپٹرس کا انتظام کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کا دورہ کر کے آنے کے بعد پھر بات کی جائے گی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے خلاف جھوٹی تشہیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔۔ ن